قطر نے پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کیلئے ثالثی کی پیشکش کر دی

امیر قطر نے عمران خان سے پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بھارتی جنگی قیدی کو رہا کرنے کے اقدام کی تعریف کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین اتوار 3 مارچ 2019 16:27

قطر نے پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کیلئے ثالثی کی پیشکش کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 مارچ 2019ء) : قطر نے پاک بھارت کشیدگی میں ثالثی کی پیشکش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ امیر قطر نے عمران خان سے پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بھارتی جنگی قیدی کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جنگی قیدی کو رہا کرنا قابل تعریف ہے۔

انہوں نے پاکستانی رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاک بھارت کشیدگی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سےاردن کےشاہ عبداللہ نے بھی رابطہ کیا تھا اور عمران خان کی امن کی خواہش کو سراہتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پاکستان کا برادر ملک تُرکی بھی پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر ثالث کر کردار ادا کرنے کی پیشکش کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری کو ایک کار خود کش دھماکے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے براہ راست پاکستان پر عائد کیا تھا۔ پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی اور 26 فروری کی رات بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی پر بھارتی طیارے بالاکوٹ کے قریب نصب ہتھیار پھینکتے ہوئے بھاگ نکلے تھے۔

جس کے بعد بدھ کی صبح 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پاک فوج نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور حراست میں لے لیا تھا۔ ابھی نندن کے قبضے سے مختلف سامان بھی برآمد ہوا جس میں ایک پستول، گولیاں نقشے اور دیگر کاغذات شامل تھے۔ ابھی نندن پاک فوج کی زیر حراست رہا جہاں اسے کے ساتھ مہذب سلوک روا رکھا گیا جس کا اعتراف بھارتی پائلٹ نے جاری کردہ ویڈیو میں بھی کیا۔

بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گرفتاری کے بعد سے بھارتی میڈیا میں یہ چرچا تھا کہ پاکستان اب پائلٹ کی رہائی کے لیے بھارت کے سامنے شرائط رکھے گا ، بھارتی حکومت نے مؤقف دیا کہ ہم کسی قسم کی شرائط ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ لیکن گذشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ہم بھارتی پائلٹ کو امن کے فروغ کے لہیے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی خوب سراہا گیا۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں