انسانی حقوق کا تحفظ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا بنیادی ستون ہو تا ہے، پا کستان تحریک انصاف کا بنیادی منشور انسانی حقوق کا تحفظ ہے اور اس نے ہمیشہ ملک میں تعلیمی، عدالتی و معاشی انصاف کیلئے آواز اٹھائی ہے

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا قومی کانفرنس برائے انسانی حقوق سے خطاب

پیر 9 دسمبر 2019 23:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا تحفظ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا بنیادی ستون ہو تا ہے، جس معاشرے میں لوگوں کے سماجی و معاشی حقوق کو تحفظ حاصل ہو گا وہ معاشرہ ترقی کی منازل تیزی سے طے کرے گا اور جس معاشرے میں عوام کے حقوق پامال ہوں گے اور انہیں انصاف میسر نہیں ہو گا اس کی ترقی کا تصور ناممکن ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم انسانی حقوق کے سلسلے میں منعقد ہو نے والی قومی کانفرنس برائے انسانی حقوق سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد قومی اسمبلی کی نیشنل ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) اور پا رلیمنٹیرین کمیشن برائے انسانی حقوق کے تعاون سے کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ آئین پا کستان معاشرے کے تما م طبقات کو ان کے حقوق کے تحفظ کی ضما نت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پا کستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی سے آنے والی تمام اسمبلیوں نے انسانی حقوق کے تحفظ پر بہت زیادہ زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علا مہ محمد اقبال نے جس پا کستان کا خواب دیکھا تھا اور قائداعظم محمد علی جنا ح نے اسے پایا تکمیل تک پہنچایا، اس کی بنیاد معاشرے کے تمام طبقات کے مساوی سماجی و معاشی حقوق کا تحفظ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پا کستان تحریک انصاف کا بنیادی منشور بھی انسانی حقوق کا تحفظ ہے اور اس نے ہمیشہ ملک میں تعلیمی، عدالتی و معاشی انصاف کیلئے آواز اٹھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے متعدد قوانین موجود ہیں تاہم ان پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے چیلنجز کی وجہ سے موجودہ قوانین میں بہتری لانے کی ضرورت ہے اور پا رلیمان کو اس سلسلے میں فعال کر دار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ریا ست مدینہ جسے دنیا کی پہلی فلا حی ریا ست ہو نے کا اعزاز حاصل ہے میں انسانی حقوق کو اولین تر جیح حاصل تھی۔انہو ں نے کہا کہ ریا ست مدینہ میںمعاشرے کے کمزور طبقوں کو ان کا حق دیا گیا یہا ں تک کہ انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ جانوروں کے حقوق کا بھی خیال رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو ریا ست مدینہ جیسی فلا حی ریا ست بنا نے کاجو ویژن پیش کیا ہے اس کا بنیادی پہلو بھی معاشرے کے تما م طبقات کے حقوق کو تحفظ فراہم کر نا اور معاشرے کے پسے ہو ئے طبقات کی فلا ح وبہبود ہے۔

انہو ں نے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی سرکا ری و غیر سرکا ری تنظیمو ں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر کانفرنس کے منتظمین کو مبارکباد دی۔ کانفرنس سے قومی اسمبلی کی نیشنل ٹاسک فورس کے کنوینئر رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، پار لیمینٹری، کمیشن فار ہیومن رائٹس، محمد شفیق چوہدری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے انسانی حقوق کے مضمون کو نصاب میں شامل کرنے اور اس سلسلے میں میڈیا میں بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ڈپٹی سپیکر نے انسانی حقوق کے حوالے سے نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پارلیمنٹیرین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔ کانفرنس میں پارلیمنٹیرینز، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں