میانوالی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور پی ٹی آئی ڈسٹرکٹ گورننگ باڈی میانوالی کی عمران خان سے ملاقات

سب ملکرمیانوالی میں پی ٹی آئی کومزید موثر بنائیں ،اثرات آنے والے عام انتخابات میں پورے پاکستان میں پہنچیں،چیئرمین پی ٹی آئی

منگل 7 جون 2022 17:15

میانوالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2022ء) پی ٹی آئی ڈسٹرکٹ گورننگ باڈی میانوالی اور میانوالی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے بنی گالہ میں پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں عمران خان نے میانوالی کے کامیاب جلسہ اور آزادی مارچ میں میانوالی کے اہم کردار کو سراہا۔ عمران خان نے ضلعی تنظیم اوراراکین اسمبلی پر زور دیا کہ سب ملکرمیانوالی میں پی ٹی آئی کومزید موثر بنائیں تاکہ اسکے اثرات آنے والے عام انتخابات میں پورے پاکستان میں پہنچیں۔

عمران خان نے میانوالی کے اراکین اسمبلی اور ضلعی تنظیم کو پنجاب کے ضمنی انتخابات میں بھرپور کردارادا کرنے کی ہدایت کی۔ پی ٹی آئی چیرمین نے ہدایت کی کہ امپورٹڈ گورنمنٹ کی خامیوں پر گہری نظر رکھیں اور انہیں ہر فورم پراجاگر کریں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے پارٹی عہدیداروں اور اراکین اسمبلی کو تسلی دی کہ پارٹی پرمشکل وقت جلد ختم ہو جائے گا اور اللہ کے فضل اور عوام کی طاقت سے ہم دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ عمران خان نے کہا کہ میانوالی کی تنظیم اور میانوالی کے اراکین اسمبلی کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے گھر کے افراد کے ساتھ گفتگو کی جاتی ہو۔ عمران خان نے کہا کہ وہ میانوالی کے پارٹی کارکنوں کے وفود بنی گالہ بلا کر ان کی حوصلہ کرتے رہیں گے۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں