تحریک پاکستان میں علامہ اقبالؒ اور قائداعظمؒ نے ایک جامع، ترقی پسند اور کثرت پسند ریاست کے لیے جدوجہد کی، پروفیسر فتح محمد ملک

پیر 13 اگست 2018 23:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) مشہور ادیب پروفیسر فتح محمد ملک نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان میں علامہ اقبالؒ اور قائداعظمؒ نے ایک جامع، ترقی پسند اور کثرت پسند ریاست کے لیے جدوجہد کی جہاں ہر شہری کو ذات، زبان اور مذہب سے بلائے تاک رکھ کر برابر حقوق میسر ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدارترقی (ایس ڈی پی آی) کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر اپنے ایک لیکچر میں کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر فتح نے کہا کہ اس وقت کے کئی مذہبی علماء تحریک پاکستان کے خلاف تھے جبکہ قائداعظمؒ اور برصغیر کے مسلمانوں نے علامہ اقبالؒ کے خواب کو قبول کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو پاکستان کی تاریخ کو سمجھنا چاہیے تاکہ وہ حقائق تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ طویل جدوجہد کے بعد ہم نے زمین کا ایک ٹکڑا حاصل کیا لیکن قائد اور اقبال کے خواب اور نقطہ نظر 71 برس کی آزادی کے بعد بھی پورا نہیں ہوسکا۔ انہوں نے مذید کہا کہ ہم نے لیاقت علی خان کے قتل کے بعد امریکہ کی غلامی قبول کر کے غلط راہ کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیاسی عدم استحکام کے بعد اب ایک سیاسی قیادت کی ضرورت ہے جو تحریک پاکستان کے صحیح راستے پر عمل کرے اور ملک کو خوشحالی کی طرف لے جا سکے۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں