آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ،علی امین خان گنڈا پو ر

منصوبے میں کوتاہی اور مبینہ کرپشن کی چھان بین کے لیے شفاف انکوائری کرائی جائے گی ،اجلاس سے خطاب

پیر 5 نومبر 2018 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2018ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پو ر نے کہاہے کہ آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور ان منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دورکیا جائے گا۔ آزادکشمیر میں پی ایس ڈی پی منصوبوں کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر ،جوائنٹ سیکرٹری اُمورکشمیر،جوائنٹ سیکرٹری اے جے کے کونسل ،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آزادکشمیر ، چیف پلاننگ کے علاوہ متعلقہ شعبوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میںوفاقی وزیر کو میر واعظ محمدفاروق شہید میڈیکل کالج مظفر آباد اور میرپور میڈیکل کالج کی تعمیر اور اس سے حائل رکاوٹوں سے متعلق بریف کیا گیااس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ عوامی اہمیت کے ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل اور فنڈز کی کمی کو دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

میرپور ،منگلا مظفرآباد (MMM) ایکسپریس منصوبے سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے لیے بڑا ہم ہے اور اس منصوبے پرآئندہ مالیاتی سال میں عمل درآمد کروایا جائے گا ۔ میرپور واٹر سپلائی سکیم اور ٹریٹ منٹ منصوبے سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ اس منصوبے میں کوتاہی اور مبینہ کرپشن کی چھان بین کے لیے شفاف انکوائری کرائی جائے گی اور اس میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کی حائل رکاوٹوں کو دور کرکے مکمل کرنا اُن کی حکومت کی اولین ترجیح ہے رتوحرام برج کی تکمیل اور اس کے لیے سٹیل سٹرکچر کی تنصیب کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ سٹیل سٹرکچر کی تنصیب کے حوالے سے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ اس پل کو مکمل کرکے عوام کی سہولت کے لیے کھولا جاسکے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ آٹھ مقام کرن بائی پاس سڑک اور نوسیری لاسوابائی پاس سڑک کو آئندہ سال جون تک سو فیصد مکمل کرلیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کی حکومت اس امر کویقینی بنائے گی کہ تمام منصوبوں کو اپنے مقررہ ٹائم فریم میںمکمل کیا جائے۔ وفاقی وزیر کو 48 میگا واٹ جاگران ہائیڈل پاور پروجیکٹ پر کام کی رفتار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے ابتدا میں کشمیر قانون ساز کے رکن اور جموں وکشمیر پیپلزپارٹی کے صدر سردار خالد ابراہیم خان کی وفات پر فاتحہ خوانی اور مغفرت کے لیے دُعا بھی کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں