جرائم کی روزبروزبڑھتی ہوئی تعداد انتظامیہ اورپولیس کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج بنتی جارہی ہے‘ملک جوادمظہردھون ایڈووکیٹ

جمعرات 2 جون 2022 13:25

میانوالی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2022ء) سابق صدرپپلاں بارمعروف قانون دان ملک جوادمظہردھون ایڈووکیٹ ہائی کورٹ, ملک مشتاق احمد دھون اور مسز نائلہ مشتاق دھون ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے کہا کہ دانش سکول ہرنولی کے ناقص سکیورٹی انتظامات لمحہ فکریہ ہیں دانش سکول اتھارٹی ڈپٹی کمشنر میانوالی عمرجاوید اور سکول انتظامیہ فوری طور پر دانش سکول کیمپس کی بیرونی دیواروں پر سیکورٹی کیمرے نصب کرے۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ جرائم کی روزبروزبڑھتی ہوئی تعداد انتظامیہ اورپولیس کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج بنتی جارہی ہے۔ایم ایم روڈ پر جرائم کی تعداد میں روز بروزاضافہ ہوتا جا رہا ہیاور دن دہاڑے ڈکیتی جیسی سنگین وارداتیں ہونے لگی ہیں۔چند روزقبل بھی دانش سکول کیقریب روڈ پردن دھاڑے پپلاں بارکے ایک معروف قانون دان کو اسلحہ کیزور پرروک کرنا معلوم ڈکیت نقدی اورموبائل چھین کربھاگ گئے اورواقعہ کی ایف آئی آر درج ہونے کے بعد دانش سکول سسٹم جو کہ چند ہی قدموں کے فاصلے پر تھا سے درخواست کی گئی تھی کہ CCTV کیمروں کی فوٹیجزدرکار ہیں جس کی مدد سے ملزمان کی تلاش میں مدد مل سکیجس پریہ انکشاف ہوا کہ اتنے بڑے سکول سسٹم میں بیرونی دیوار کے ساتھ کوئی بھی سیکورٹی کیمرہ نصب ہی نہیں ہے جو واقعی ایک لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے بعدسکولوں کی سخت مانیٹرنگ کے اقدامات کیے گئے لیکن موجودہ صورتحال انتہائی گھمبیر ہے سیکورٹی کیمرے نہ ہونے کی وجہ سے کوئی بھی سانحہ پیش آنے کی صورت میں جرائم پیشہ افرادتک رسائی ناممکن ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پرنسپل گرلز کیمپس دانش سکول کی طرف سے ڈپٹی کمشنر میانوالی کو بھیجے گئے جوابی خط میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ بیرونی دیوارکے قریب کوئی سیکورٹی کیمرہ نصب ہی نہیں جو باہر ایم ایم روڈ کو مانیٹر کر سکے ۔

اتنے بڑے سکول سسٹم کے لیے اتنی بڑی کوتاہی ناقابل تلافی اور جواب طلب ہے جبکہ سکول کی سکیورٹی کے لیے بھاری تنخواہوں پرملازمین بھرتی کیئے گئے ہیں۔ مین روڈ ہونے کی وجہ سے سکول کا سٹاف،جوڈیشل افسران وکلا صاحبان اوردیگر کاروباری افراد کا روزانہ کی بنیاد پر گزر ہوتا ہے۔دانش سکول سسٹم سے تھوڑے فاصلے پر ہونے والی ڈکیتی اس پورے سسٹم، انتظامیہ اورپولیس کے لیے ایک امتحان ہے جس کاسراغ لگانا وقت کی ضرورت ہے تا کہ آئندہ کسی بڑے سانحے سے بچاجا سکتا ہے انہوں نے ڈپٹی کمشنر میانوالی عمر جاوید اور دانش سکول اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ دانش سکول ہرنولی کی بیرونی دیواروں پر فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیئے جایں۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں