ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو اکیڈمیز کے ذریعے ہی بروئے کار لایا جا سکتا ہے، ملک مہربان علی

کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدبیر پر عمل کرنا چاہیے ، چیئرمین پاکستان فٹسال فیڈریشن

ہفتہ 16 مئی 2020 14:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2020ء) پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے چیئرمین ملک مہربان علی نے کہاہے کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو اکیڈمیز کے ذریعے ہی بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ملک کا سرمایہ اور سفیر کا درجہ رکھتے ہیں اور یہ کھیلوں کے ذریعے ہی ملک کو قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ان کھلاڑیوں کے ذریعے ہی دوسرے ملکوں کے ساتھ باہمی رابطے بڑھانے کا بھی موقع ملتاہے، کروانا وائرس کی وباء کے حوالے سے ملک مہربان علی نے کہا کہ کھلاڑی کرونا وائرس کے سلسلہ میں لاپرواہی اور بے احتیاطی کا مظاہرہ نہ کریں، کرونا وائرس کی وباء نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور کھلاڑیوں کے کھیلوں کے میدان ویران کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں تاکہ کرونا وائرس کی وباء کے باعث ان کی فزیکل فٹنس میں کمی نہ آئے اور قوت مدافعت بھی کم نہ ہو، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدبیر پر عمل کرنا چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھیں، انہوں نے کہا کہ عوام کو لاک ڈائون کے دوران حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے کیونکہ حکومت انسانوں کی زندگیاں بچانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس وقت پوری دنیا میں کرونا وائرس کی وباء کے باعث لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں اور ابھی تک اس موذی وباء پر قابو نہیں پایا جاسکا۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں