سرکل آفیسر اینٹی کرپشن بہاولنگر کی ظالمانہ کارروائی کے خلاف انجمن پٹواریان نچن آباد کا شدید احتجاج،

من گھڑت بے بنیاداور سوچی سمجھی سازش کے تحت کی جانے والی کاروائیوں کی مذمت،قلم چھوڑو بھوک ہڑتال کی دھمکی

منگل 17 فروری 2015 23:01

منچن آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء ) سرکل آفیسر اینٹی کرپشن بہاولنگر کی ظالمانہ کارروائی کے خلاف انجمن پٹواریان تحصیل منچن آباد کا بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شدید احتجاج ،پٹواریان کیخلاف من گھڑت بے بنیاداور سوچی سمجھی سازش کے تحت کی جانے والی کاروائی کی مذمت ،قلم چھوڑو بھوک ہڑتال کی دھمکی ،انصاف نہ ملنے تک دھرنے کا اعلان ،تفصیلات کیمطابق گزشتہ دنوں سرکل آفیسر انٹی کرپشن بہاولنگر مجیب الرحمن نے محمد عارف جٹ پٹواری کے دفتر پر ریڈ کیا ،اس نام نہاد ریڈ کیخلاف انجمن پٹواریان تحصیل منچن آباد کا ہنگامی اجلاس احاطہ تحصیل میں منعقد ہوا ،اجلاس میں شیر علی صدر انجمن پٹواریان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد عارف جٹ پٹواری اور محمد طارق جٹ پٹواری کیخلاف غیر قانونی اور غیر اخلاقی طریقہ سے ریڈ کر کے ایف آئی آر کا اندراج کرنا سرا سر نا انصافی ہے ،اس امر کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،انہوں نے کہا کہ سرکل آفیسر انٹی کرپشن مجیب الرحمن نے عارف والا کی ایک خود ساختہ ٹیم بنا رکھی ہے جو مختلف محکمہ جات کے ملازمین پر ریڈ کرواتی ہے اور پھر بھاری رقم لے کر صلح کر لی جاتی ہے جسکا باقاعدہ ریکارڈ مختلف تھانہ جات میں ایف آئی آرز کی شکل میں موجود ہے ،اس گروہ کی سربراہی خود سرکل آفیسر بہاولنگر کرتا ہے اس موقع پر محمدعارف جٹ پٹواری نے بتایا کہ میں سارے شہر اور میڈیا کے سامنے قرآن پاک پر حلف دینے کو تیار ہوں کہ اگر اس رقبہ کی خریداری یا فروخت کی بابت کوئی رشوت یا لین دین طے ہوا ہو ریڈ کروانے والے اشخاص ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پٹوار خانہ میں آئے اور زبردستی میری جیب میں پیسے ڈالنے کی کوشش کی مزاحمت پر مجھے ان افراد نے مارا پیٹا ،انہوں نے بتایا کہ ہر ذی شعور یہ بات سوچ سکتا ہے کہ ایک کنال کے رقبہ کی خریداری پر 55 ہزار روپے رشوت کیسے ممکن ہو سکتی ہے ، انہوں نے بتایا کہ انٹی کرپشن ٹیم کے ہمراہ آنے والے معزز مجسٹریٹ کو اصل حقائق سے لا علم رکھا گیا اور مکمل ڈرامہ رچانے کے بعد یہ کاروائی کی گئی ،محمدسلیم بھٹی سینئر نائب صدر انجمن پٹواریان نے سرکل آفیسر انٹی کرپشن کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ،عبدالحمید جنرل سیکرٹری پٹواریان ،محمد اسحاق شہزاد ،شاہجہاں و دیگر پٹواریان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکل انٹی کرپشن مجیب الرحمن خود ایک کرپٹ اور بدیانت آفیسر ہے اس نے اپنے مذموم مقاصد کی خاطر اپنے ہم نوا ؤں کیساتھ مل کر ایسی کاروائیاں کرنا اپنا مشغلہ بنا رکھا ہے اس کا فوری طور پر تبادلہ کیا جائے ورنہ پٹواریان کے احتجاج کا دائرہ وسیع کر کے پنجاب کی سطح تک پھیلا دیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :

منچن آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں