پشاور، مینگورہ شہر کو ماڈل شہر قرار دینے اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے اہم فیصلے

بدھ 15 جنوری 2020 23:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2020ء) مینگورہ شہر کو ماڈل شہر قرار دینے اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے اہم فیصلے، مینگورہ میں غیر قانونی گاڑیوں اوربغیر پارکنگ کے پلازوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ، پشاور سے انجینئر بلانے اور لنکس روڈ کی بحالی سمیت اعلیٰ سطحی اجلاس، گذشتہ روز مینگورہ شہر میں ٹریفک نظام کو رواں رکھنے اور شہر کو ماڈل سٹی کا درجہ دینے کے لئے اہم اجلس زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کے ڈویژنل صدر چیئرمین ڈیڈک کمیٹی فضل حکیم خان یوسفزئی ہوا، جس میں ڈی ایس پی سٹی دیدار غنی، سوات پریس کلب کے چیئرمین شہزاد عالم، ٹریفک انچارج وزیر حسین، سابق ضلع ناظم محمد علی شاہ، اے سی بابوزئی عامر علی شاہ، ایکسین ایریگیشن وسیم ملک، ہائی وے، سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر حکام نے شرکت کی، اس موقع پر مینگورہ شہر کو ماڈل سٹی درجہ دینے اور ٹریفک نظام رواں دواں رکھنے کے لئے مختلف تجاویز زیر غور آئیں، جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مینگورہ شہر ملاکنڈ ڈویژن کا صدر مقام ہے، یہاں پر ٹریفک نظام کو رواں رکھنے کی اشد ضرورت ہے، اس موقع پر چیئرمین فضل حکیم خان نے کہا کہ مینگورہ شہر کو ماڈل سٹی کا درجہ دینے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے کیونکہ شہر کی خوبصورتی سے آنے والے سیاحوں کو سوات کی خوبصورتی کااچھا اثر پڑیگا، اس موقع پر مینگورہ شہر میں غیر قانونی رکشوں، گاڑیوں، بغیر پارکنگ کے پلازوں سمیت لنکس روڈ کی بحالی اور نئے لنکس روڈ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا کہ جن علاقوں، چوکوں اور بازاروں میں پارکنگ موجود ہے ان کو فعال بنانے کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیگی،شہر میں غیر قانونی اڈوں کے خاتمے کی بھی فوری ہدایت کی گئی جبکہ اس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور اربن پالیسی کے تجربہ کار انجینئر وں کو بلاکر شہر کا نیا نقشہ بنایا جائیگا اور ایک منظم طریقے سے شہر کی خوبصورتی کے لئے جامع پلان تشکیل دیا جائیگا، جس پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے اور مینگورہ شہر کو ماڈل سٹی کا درجہ دینگے۔

مینگورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں