مینگورہ ، تین منزلہ عمارت گر گئی ، میاں بیوی ، بیٹا ،بیٹی ، جاں بحق ، گھر آئی خاتون بچے سمیت زخمی

واقعہ ناقص میٹرئیل کے استعمال اور عمارت کی بنیاد مضبوط نہ ہونے کیوجہ سے پیش آیا، پولیس نے عمارت کے مالک اور مستری کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا

جمعہ 17 جنوری 2020 23:40

مینگورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2020ء) مینگورہ شہر کے وسط میں گنجان آباد علاقہ محلہ خونہ گل مسجد کے قریب تین منزلہ زیر عمارت اچانک زمین بوس ہوکرقریبی مکان کے اوپر گرگئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی،بیٹا بیٹی موقع پر جاں بحق اور گھر آئی خاتون بیٹے سمیت شدید زخمی ہوگئی ،اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اورمقامی پولیس ڈی ایس پی دیدار غنی کے قیادت میں موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا اور سوئی گیس،بجلی کی سپلائی کو منقطع کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو بلواکر کنکشن منقطع کروائی اور فوری طور پر ملبہ ہٹانے کاکام شروع کردیا ،ملبہ ہٹانے میں پولیس کے ساتھ مقامی افراد،ریسکیو ٹیموں،اور ٹی ایم اے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

ملبہ کے نیچے سے چار افرادعنایت اللہ ولد فقیر محمد،شمع زوجہ عنایت اللہ،زرک ولد عنایت اللہ اور حورہ دختر عنایت اللہ کی لاشیں نکالی گئی جسے پوسٹ مارٹم کی غرض سے سید وشریف ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ان کے گھر میں ائے ہوئے مہمان مسماة ناہید زوجہ جمشید اور اسکا بیٹا محسن ولد جمشید شدیدزخمی ہوگئے جن کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا واقعہ ناقص میٹرئیل کے استعمال اور عمارت کی بنیاد مضبوط نہ ہونے کیوجہ سے پیش آیا پولیس نے عمارت کے مالک رحمت علی ولد رحمدل سکنہ حیات اباد فضاگٹ روڈ اور عمارت بنانے والے مستری محمد افضل ولد عبدالرب کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ۔

مینگورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں