سراج الحق نے ملک میں بلاتاخیر متناسب نمائندگی کی بنیادپر الیکشن کا مطالبہ کردیا

موجودہ سیاستدان اور موجودہ نظام مکمل طورپر ناکام ہوچکے ہیں اور پرانے طرز پر الیکشن سے ملک میں بہتری کی کوئی توقع نہیں، امیر جماعت اسلامی

اتوار 24 جولائی 2022 17:00

مینگورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2022ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ملک میں بلاتاخیر متناسب نمائندگی کی بنیادپر الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ سیاستدان اور موجودہ نظام مکمل طورپر ناکام ہوچکے ہیں اور پرانے طرز پر الیکشن سے ملک میں بہتری کی کوئی توقع نہیں،سیاستدانوں کے دنگافساد اور غیر جمہوری انداز سے معزز ایوان اصطبل میں تبدیل ہوچکا ہے،جہاں سے صرف گالیوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں،عدلیہ بھی خومختاری کی بجائے پنڈی کی طرف دیکھ رہی ہے اور انصاف کے برعکس فیصلوں کی وجہ سے آج ہماری عدلیہ دنیا میں ایک سو تیسویں نمبر پر ہے،آج اسٹبلشمنٹ،عدلیہ اور کرپٹ سیاستدان ایک پیج پر ہیں اوریہی وہ بنیادی وجہ ہے کہ ملک میں عدم استحکام اورمعیشت تباہ ہوچکی ہے، اسٹبلشمنٹ نے پہلے نواز شریف،پھر پیپلزپارٹی اور اس کے بعد عمران خان کو مسلط کیا اور جب عمران سے عشق کم ہوا تو انہیں ہٹا کر شہباز شریف کو لایا گیا۔

(جاری ہے)

خیبر ختونخوا میں تبدیلی سرکارنے کوئی تبدیلی نہیں لائی اوت آج بھی دہشت گردی اور بھتہ خوری اس صوبے کا مقدر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹر عبدالواسع،ضلعی امیر حمید الحق،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد فاروق،سابق امیر ڈاکٹر فضل سبحان،اخترعلی خانجی اور خورشید علی خان بھی موجودتھے۔

سراج الحق نے کہاکہ بدقسمتی سے اس وقت پاکستان کے فیصلے ایوان کی بجائے دم پٹی اور چونچی کٹی سیاستدانوں کی وجہ سے عدالتوں میں ہورہے ہیں اور جہاں سے عدلیہ کو دھمکی ملتی ہے تو اس کے حق میں فیصلہ دیا جاتا ہے اور فریقین کو سہولت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن کا ہے اور پانامہ میں سیاستدانوں کے ساتھ جنرل اور جج بھی شامل ہیں لیکن عدلیہ اس پر خاموش ہے اور چھوٹے مسائل پر سوموٹو ایکشن لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مافیاز کبھی جھنڈے اورکبھی پارٹیاں تبدیل کر عوام پر مسلط ہیں اورناکام نظام کی وجہ سے ان کے بینک بیلنس اور کارخانوں میں اضافہ جبکہ عوام تباہ ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات واضح ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے ملک ترقی نہیں کرسکتا کیونکہ جس طرح 35 سالہ مارشلائی دور میں ملک کا جغرافیہ تباہ ہوا۔اسی طرح فوجی گملوں میں پھلے بڑے پی پی پی،ن لیگ اور پی ٹی آئی کے سیاستدانوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ نااہل سیاستدانوں کی وجہ سے ہم کشمیر ہار گئے،ہمارا پیشہ گرگیا اور غریب عوام معاشی بدحالی کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک کی تباہی کے ذمے دار بیرونی طاقتیں نہیں بلکہ اندر کے آستین کے سانپ ہیں اوران کے ہوتے ہوئے ہمارا حال تباہ اور مستقبل غیر محفوظ ہے۔انہوں نے کہاکہ نیب کو زندہ لاش بنادیا گیا ہے۔سراج الحق نے کہاکہ میں پیپلز پارٹی،ن لیگ اور پی ٹی آئی سے پوچھتا ہوں کہ وہ جلسے نہیں بلکہ عوام کے سامنے اپنی کارکردگی رکھ کر دکھائیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں اب ان مغلیہ شہزادوں کی ترتیب وار حکمرانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ ان کی وجہ سے پاکستان ایٹمی قوت ہونے کے باوجود بھی غیر محفوظ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا واحد حل اسلامی نظام ہے اور جماعت اسلامی ہی اس وقت واحد جماعت ہے جو اسلامی نظام کو نافذ کرکے ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں فوری طور پر متناسب نمائندگی کی بنیاد پر الیکشن کرایا جائے تاکہ عوام کی رائے سے اہل اور دیانت دار افراد اقتدار میں آسکے۔انہوں نے کہاکہ فیڈرل شریعت کورٹ کے سود کے خلاف فیصلے کو موجودہ حکمرانوں نے اسٹیٹ بینک کے ذریعے سپریم کورٹ میں چیلنج کرکے سودی نظام کی اجازت دینے کی اپیل کی لیکن اگر یہ فیصلہ حکومت نے واپس نہ لیا تو پھر قوم کو باہر لاکر جماعت اسلامی حکومت کے خلاف اعلان جنگ کریگی۔

مینگورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں