وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقوں میرانشاہ اور غلام خان کا دورہ‘ آئی ایس پی آر

فاٹا کو قومی دھارے میں لانا طویل المدتی ترقی و خوشحالی کی کنجی ہے‘ حکومت فاٹا کے عوام کی خواہشات کے مطابق اس پر کام کر رہی ہے‘ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ْ

پیر 30 اپریل 2018 23:54

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقوں میرانشاہ اور غلام خان کا دورہ‘ آئی ایس پی آر
میرانشاہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانا طویل المدتی ترقی و خوشحالی کی کنجی ہے اور حکومت فاٹا کے عوام کی خواہشات کے مطابق اس پر کام کر رہی ہے۔ پیر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقوں میرانشاہ اور غلام خان کا دورہ کیا۔

میرانشاہ پہنچنے پر وزیراعظم نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداء پاکستان کیلئے فاتحہ خوانی کی جنہوں نے امن و استحکام کی بحالی کیلئے عظیم قربانیاں دیں۔ وزیراعظم نے پاکستان آرمی انجینئرز کی جانب سے نوتعمیر شدہ میرانشاہ مارکیٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا جس میں 1344 دکانیں، پارکس، کار پارکنگ، سولر لائٹس، ڈرائیو ویز اور واٹر سپلائی نیٹ ورک شامل ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے غلام خان ٹریڈ نارتھ وزیرستان ایجنسی کا بھی افتتاح کیا جو سنٹرل ٹریڈ کوریڈور کا حصہ ہے۔ یہ نوتعمیر شدہ ٹریڈ ٹرمینل اور کمیونیکیشن انفراسٹرکچر اس مارکیٹ کمپلیکس کو ڈیرہ اسماعیل خان میں سی پیک کے ساتھ منسلک کریں گے اور قومی اور علاقائی تجارتی راستوں سے اپنا حصہ حاصل کریں گے، اس سے علاقہ میں معاشی ترقی اور خوشحالی کے نئے باب کا اضافہ ہو گا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ سماجی و اقتصادی منصوبے صرف شروعات ہیں اور فاٹا کیلئے ایسے کئی منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ منصوبے مکمل اور کچھ پر پیشرفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عارضی نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی اور فاٹا کی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقہ کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے بلاتعطل حمایت پر قبائلیوں کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانا طویل المدتی ترقی و خوشحالی کی کنجی ہے اور حکومت فاٹا کے عوام کی خواہشات کے مطابق اس پر کام کر رہی ہے۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا، وفاقی وزراء، سینیٹرز اور کور کمانڈر پشاور بھی موجود تھے۔

میرانشاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں