ڈڈیال آزادکشمیر میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی،پورا شہر پاک فوج کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا

پیر 27 جون 2022 23:28

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2022ء) ڈڈیال میرپور آزاد کشمیر میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹرڈڈیال میں ریلی نکالی گئی جس میں سیاسی و سماجی، مذہبی جماعتوں، وکلاء، صحافیوں، انجمن تاجراں، سول سوسائٹی اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلی میں پاک افواج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گے۔

شرکاریلی نے پاکستان کے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد،شہداء افواج پاکستان زندہ باد، رحمتوں کا نشان پاک فوج فوج،ملکی سرحدوں کے محافظوں کو ہمارا سلام،پاک فوج ہم تمہارے ساتھ ہیں،ہمیں پاک فوج سے پیار ہے کے فلک شگاف جذباتی نعرے درج تھے۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے موٹر سائیکلوں پر ریلی بھی نکالی جو مرکزی اظہار یکجہتی ریلی میں شامل ہوگئی۔

(جاری ہے)

ریلی میں سابق امیدوار اسمبلی راجہ شعیب، مسلم لیگ ن کے چوہدری ظفر جاوید، چیئر مین صدائے حق خواجہ افتخار صدیق، پی پی پی کے تحصیل صدر چوہدری عادل، چوہدری انصر محمود، صدر جماعت اہلسنت جمیل اقبال، انجمن تاجراں کے اصغر منا، نائب صدر بار منصف علی ایڈووکیٹ، چوہدری محمد مسعود، ساجد یونس، الیاس بلا، کے علاوہ نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈڈیال شہر میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی میں عوام کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی جس کے باعث پورا شہر پاک فوج کے حق میں نعروں سے گونجتا رہا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج عظمتوں کا نشان ہے مسلح افواج پاکستان کا شمار دنیا کی بہادر افواج میں ہوتا ہے افواج پاکستان کے کردار کو داغدار بنانے والے ریاست پاکستان سے مخلص نہیں ہو سکتے۔

ہم فو ج کے کردار کے خلاف سازش کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ فوج نے ہمیشہ اپنا آئینی کردار ادا کیا جس کے باعث پاکستان گرے لسٹ سے جلد نکلنے والا ہے اس موقع پر پاک فوج سے جذباتی اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا شرکاء کاکہنا تھا کہ فوج کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کی ہے لہذا فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر کیا جانے والا پروپیگنڈہ کسی صورت قبول نہیں ایسا کرنے وال ہوش کے ناخن لیں اور دشمن کی چالوں کو اپنے ہاتھوں میں نہ لیں۔

میرانشاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں