گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پرحکومت کیخلاف پروپیگنڈہ کیاجارہاہے ،نوازشریف 2 بارے اقتدار میں آئے بجلی اور گیس کے منصوبوں پر کوئی کام نہیں کیا ، پیپلز پارٹی کیلئے عوامی حمایت دیکھ کر مخالفین پریشان ہیں ،ہم نے ہمیشہ عوامی مسائل کو بلاامتیاز اور ترجیح بنیادوں پر حل کیا ، الیکشن وقت مقررہ پر اور منصفانہ ہوں گے ،پیپلزپارٹی بھرپورکامیابی حاصل کرے گی،سیاسی امورکے وفاقی وزیر مولا بخش چانڈیو کاعوامی اجتماع سے خطاب

اتوار 23 دسمبر 2012 19:09

کوٹ غلام محمد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23دسمبر۔ 2012ء) سیاسی امورکے وفاقی وزیر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پرحکومت کیخلاف پروپیگنڈہ کیاجارہاہے ،نوازشریف 2 مرتبہ اقتدار میں آئے مگر بجلی اور گیس سے متعلق منصوبوں پر کوئی کام نہیں کیا ، پیپلز پارٹی کیلئے عوامی حمایت دیکھ کر مخالفین پریشان ہیں ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو بلاامتیاز اور ترجیح بنیادوں پر حل کیا ، الیکشن وقت مقررہ پر اور منصفانہ ہوں گے ،پیپلزپارٹی بھرپورکامیابی حاصل کرے گی۔

وہ اتوارکوکورٹ غلام محمد کے نزدیک گاؤں دیال گڑھ میں چوہدری محمد صدیق کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کونسل کے ممبر منیر احمد رندھاوا، چوہدری نصیر احمد، چوہدری محمد سعید ، چوہدری ارشاد احمد بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

مولابخش چانڈیو نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خودمختار اور آزاد الیکشن کمیشن قائم ہوا ہے جس پر حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں متفق ہیں۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن ضرور ہونگے اور منصفانہ ہونگے جمہوریت تسلسل جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے قوم و ملک کے بہترین مفاد میں اہم فیصلے کئے ہیں تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں اور عوام کو حقیقی معنوں میں سکھ کا سانس مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کررہے ہیں میاں محمد نوازشریف 2 مرتبہ اقتدار میں آئے لیکن انہوں نے بجلی اور گیس سے متعلق منصوبوں پر کوئی کام نہیں کیااس کے برعکس بینظیر بھٹو کے دور میں گیس اور بجلی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جاتی رہی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے تو کوئلے سے متعلق منصوبے کو رد کردیا تھا انہوں نے کیٹی بندر منصوبہ کو بھی رد کردیا تھا جو غلط فیصلے تھے ۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے جمہوریت کو چلانے کیلئے اہم فیصلے کئے ہیں اور ملک میں جمہوریت کیلئے پیپلز پارٹی نے بڑی قربانیاں دی ہیں آج ملک میں جمہوریت شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانی کے نتیجے میں قائم ہے ہم نے عوام اور ملک سے غداری نہیں کی عوام کے خادم ہیں اور ملک کی سالمیت کے لئے اپنی جان قربان کردیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں قیامت خیز بارشوں اور سیلابوں سے جو لوگ متاثر ہوئے تھے پیپلزپارٹی کی حکومت نے ان کی بھرپور امداد کی اور ان کے مسائل حل کئے اورانہیں بھرپور سہولیات دی ان کی بحالی کا کام بھرپور طریقے سے ادا کیا اور متاثرین کے دکھ درد میں برابر کے شریک رہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو عوام کی بھرپور اور واضح حمایت حاصل ہے پی پی پی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بلاامتیاز لاکھوں افراد کو امداد دی اور غریب عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلایا ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ آج چاروں صوبوں میں جئے بھٹو ، جئے شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو اور جئے پیپلز پارٹی کے نظریے چپے چپے میں شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی میں لاڑکانہ میں لاکھوں افراد جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے لئے عوام کی حمایت دیکھ کر مخالفین پریشان ہوگئے پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کے مسائل کو بلاامتیاز اور ترجیح بنیادوں پر حل کیا جس کا ثبوت نوازشریف دور میں جبری برطرف کئے گئے ملازمین کی بحالی ہے ہم نے لاکھوں افراد کو روزگار دیا آنے والا دور بھی پیپلز پارٹی ہے ۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوششیں تیز سے تیز تر کردیں اور شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کے پیغام کو ہرگھر اور گاؤں تک پہنچائیں۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں