میرپورخاص، گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی گدھا گاڑی پر چڑھ گئی ، دو سگے بھائیوں سمیت 3بچے موقع پرجاں بحق

اتوار 30 دسمبر 2012 23:05

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔30دسمبر۔ 2012ء) گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی گدھا گاڑی پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں دو سگے بھائیوں سمیت تین بچے موقع پرجاں بحق ہوگئے اور تین شدید زخمی ہوگئے،حادثے کے فوری بعد ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھڑی سے آنے والی گنے سے لدی ہوئی ٹرالی ٹریکٹر سانگھڑ روڈپر راجہ پمپ کے قریب سامنے سے آنے والی گدھا گاڑی جس پر پانچ بچے سوار تھے پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں 12سالہ جمنا،12سالہ یکشن اور8سالہ تارا چند موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ15سالہ سومجی اور دیوراج شدید زخمی ہوگئے ۔

ہلاک ہونے والے 12سالہ یکشن اور 8سالہ تارا چند سگے بھائی بتائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

حادثے کے فوری بعد ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو سول ہسپتال لایاگیا جہاں زخمیوں کوداخل کرلیاگیا ہے جبکہ مرنے والوں کی لاشوں کاپوسٹ مارٹم اور ضروری کاروائی کے بعدورثاء کے حوالے کردیاگیا ہے ۔دلبرمہر پولیس نے ٹریکٹر اورٹرالی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور حادثے کا مقدمہ درج کرکے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے ۔زخمی اور مرنے والوں کا تعلق قریبی گوٹھ ناریجو سے بتایا جاتا ہے اور بچے جانوروں کے لئے گھاس کاٹ کرلارہے تھے۔حادثے میں مرنے والوں کی اطلاع ملتے ہی پورے گوٹھ میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں