سندھ میں پیپلز پارٹی کی شرمناک ترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت، سرکاری ہسپتال کی جانب سے ایمبولنس فراہم کرنے سے انکار

بچی کی لاش موٹر سائیکل پر لے جاتے ہوئے والد اور چچا بھی حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے

muhammad ali محمد علی اتوار 15 ستمبر 2019 00:06

سندھ میں پیپلز پارٹی کی شرمناک ترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت، سرکاری ہسپتال کی جانب سے ایمبولنس فراہم کرنے سے انکار
میرپور خاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر2019ء) سندھ میں پیپلز پارٹی کی شرمناک ترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت، سرکاری ہسپتال کی جانب سے ایمبولنس فراہم کرنے سے انکار، بچی کی لاش موٹر سائیکل پر لے جاتے ہوئے والد اور چچا بھی حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر میرپورخاص میں 2 سال کی بچی کی لاش موٹر سائیکل پر لے جاتے ہوئے حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں بچی کے والد اور چچا بھی جاں بحق ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ میرپورخاص کے سرکاری ہسپتال کی ایمبولینس کے استعمال کیلئے غریب خاندان سے 2 ہزار روپے طلب کیے گئے تھے جس کے بعد بچی کے والد اور چچا معصوم کی میت موٹرسائیکل پر ہی لے جانے پر مجبور ہو گئے۔ تاہم بچی کی میت گھر لے جاتے ہوئے حادثہ ہوا اور بچی کے والد اور چچا بھی جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ میرپورخاص کے سرکاری ہسپتال کی ایک ایمبولینس ایم ایس اپنے گھر لے گیا تھا۔

سرکاری ہسپتالوں پر لازم ہے کہ بنا کسی فیس کے ایمبولینس کی سروس فراہم کی جائے تاہم ایسا نہیں کیا گیا جس باعث 2 مزید افراد اپنی جان گنوا بیٹھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ محکمہ صحت کو فوری رپورٹ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غفلت برتنے والے ذمے داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کارروائی کی رپورٹ سے 24 گھنٹے میں آگاہ کیا جائے۔
                                                                                          

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں