میرپورخاص، سندھ میں گیارہ سالوں سے پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کا خون چوس رہی ہے، حلیم عادل شیخ

اتوار ستمبر 17:50

میرپورخاص ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) پی ٹی آئی سندھ کے صدر و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ میرپورخاص کے قریب گائوں حمیر درس پہنچے، ان کے ہمراہ پی ٹی آئی ایم این اے جئہ پرکاش اکرانی، ایم پی اے دعا بھٹو، پی ٹی آئی سندھ کے رہنما حنید لاکھانی، خاوند بخش جئیجو، عمران قریشی، امین اللہ خان موسیٰ خیل،جہانشیر جونیجو، آفتاب قریشی و دیگر تھے۔

ایمبولنس نہ ملنے کی وجہ حادثے میں فوت ہونے والے کیول اور رمیش بھیل کے ورثاء سے اظہار افسوس کرنے کے بعد تفصیلی ملاقات کی۔ کیول کے والد کھیموں بھیل نے حلیم عادل شیخ کو بتایا کہ چار روز سے ہمارا چھوٹا بچہ موہن بیماری کے باعث سول ہسپتال میرپورخاص میں داخل کیا گیا تھا علاج نہ ہونے کی وجہ سے وہ فوت ہوگیا، رات دیر گئے ہسپتال انتظامیہ سے ایمبولنس مانگی تو انہوں نے دینے سے انکار کر دیا اور دو ہزار روپے مانگے، پیسے نہ ہونے کی وجہ سے بچے کی لاش کو تین کلومیٹر تک پیدل کیول اور رمیش ہاتھوں پر اٹھا کر پہنچے جہاں سے چیتن بھیل کی موٹرسائیکل پر تینوں بچے کی لاش لیکر جارہے تھے کہ میرپورخاص کے قریب گاڑی کی ٹکر لگنے سے رمیش اور کیول موقعہ پر جاںبحق ہوگئے، دوبارہ لاشیں سول ہسپتال لائی گئیں جہاں دوبارہ پانچ ہزار لیکر ایمبولنس دی گئی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ بھر میں صحت کی سہولیات نہ ہونے پر وزیر صحت عذرا پیچھوھو اپنے عہدے سے استعفٰی دیں۔ سندھ میں ہسپتالیں مذبح خانے بن چکی ہیں۔ واقعہ بہت افسوس ناک ہے، ورثاء سے دلی ہمدردی کرنے پہنچے ہیں۔ پاکستان بیت المال کی جانب سے ورثاء کی مالی مدد بھی کریں گے اور کیس لڑنے کے لئے پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم تشکیل دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں گیارہ سالوں سے پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کا خون چوس رہی ہے، سندھ کی عوام کو کھوکھلے نعروں پر بے وقوف بنایا جاتا ہے، سندھ کی تقسیم کے نام پر سندھ کارڈ استعمال کیا جاتا ہے لیکن سندھ کی عوام کے حقوق پر ڈاکے بند نہیں کیے جاتے، اربوں کا صحت کا بجٹ ہے لیکن ہسپتالوں میں ایمبولنس تک نہیں دی جاتی، ایف آئی آر بھی غلط کاٹی گئی ہے جو واقعے کے برعکس ہے۔

واقعہ کی دوسری ایف آئی کاٹی جائے جس میں صحت کے افسران کو بھی شامل تفتیش کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے جھوٹے نوٹس لینے سے کچھ نہیں چلے گا۔ غریب عوام کو اب ان کرپٹ حکمرانوں کے رحم کرم پر نہیں چھوڑیں گے، جلد ظلم کا سورج غروب ہونے والا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو پی ٹی آئی رہنمائوں کے ہمراہ اولڈ میرپورخاص تھانے پہنچی جہاں درج شدہ ایف آئی آر کا جائزہ لینے کے بعد ورثاء کی فریاد پر واقعے کی دوسری حقیقت پر مبنی ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دے دی گئی۔

میرپورخاص شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments