الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

جمعرات 9 اگست 2018 23:25

میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2018ء) الیکشن 2018؁ء میں دھاندلی کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے تحت میرپورخاص پریس کلب کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر ظفر کمالی، ڈسٹرکٹ آرگنائز مجیب الحق و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی، تمام یوسیز کے ذمہ داران و کارکنان، اے پی ایم ایس او، لیبر ڈویژن، لیگل ایڈ کمیٹی، میڈیکل ایڈ کمیٹی، ایلڈرز ونگ اور شعبہ خواتین سمیت دیگر تمام شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان اور حق پرست عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور احتجاجی بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر الیکشن میں دھاندلی کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے متعصبانہ حلقہ بندیوں ، غیر منصفانہ مردم شماری اور انتخابی دھاندلی کے خلاف نعرے بلند کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پررکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر ظفر کمالی نے کہا کہ عام انتخابات 2018؁ء میں ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی۔ انتخابات سے قبل ہی متعصبانہ حلقہ بندیوں اور غیر منصفانہ مردم شماری کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی ابتدا کی گئی اور 25جولائی کو راتوں رات انتخابی نتائج تبدیل کرکے حق پرستوں کا مینڈیٹ جاگیرداروں اور وڈیروں کی جھولی میں ڈال دیا گیا۔

مجیب الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کھلے عام سپریم کورٹ کے احکامات اورانتخابی ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑاتے رہے لیکن تمام تر شواہد ،تحریری درخواستوں اور میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں کو نظر انداز کرتے ہوئے انہیں من مانیاں کرنے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی۔ریٹرننگ افسر پی ایس 47نے کروڑوں روپے لئے اور منظم دھاندلی کر کے اگلے روز حق پرست امیدوار کے خلاف فیصلہ دیا۔ دھاندلی زدہ انتخابی نتائج کو حق پرست عوام نے مسترد کردیا ہے۔محمد عثمان راجپوت اور آفاق احمد خان نے کہا کہ تاریخ کی بدترین دھاندلی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ منفی ہتھکنڈوں اور سازشوں کے ذریعے حق پرستانہ تحریک کو ختم نہیں کیا جاسکتا**

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں