بلدیہ میرپورخاص کی عمارت میں پر اسرار آتشزدگی، فائربریگیڈ موقع پر نہ پہنچ سکی

بلدیہ میرپورخاص میں 10 سال کے دوران کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات شروع ہوتے ہی کرپٹ عناصر کی ریکارڈ جلانے کی کوشش

اتوار 7 اکتوبر 2018 19:20

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2018ء) بلدیہ میرپورخاص کی عمارت میں پر اسرار آتشزدگی، فائربریگیڈ موقع پر نہ پہنچ سکی۔ چھٹی کے روز اہم اورحساس دفتر میں آتشزدگی پر عوامی حلقوں کا اظہار حیریت۔صدارتی احکامات پر بلدیہ میرپورخاص میں 10 سال کے دوران کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات شروع ہوتے ہی کرپٹ عناصر نے ریکارڈ جلانے کی کوشش کی ہے بلدیہ کے حساس ریکارڈ کی حفاظت کیلئے رینجرز تعینات کی جائے ،حق پرست وائس چیئرمین فرید احمد خان و کونسلرز کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز صبح بلدیہ میرپورخاص کے دفتر میں پر اسرار طور پر آگ لگ گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی۔ ذرائع کے مطابق وہاں موجود چوکیدار کی چیخ وپکار پر لوگ جمع ہو گئے اور انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ کو بجھا دیاجبکہ فائر برگیڈ اطلاع دینے کا باوجود موقع پر نہیں پہنچ سکی۔

(جاری ہے)

عوامی حلقوں کے مطابق چھٹی کے روز اہم حساس ریکارڈ روم اور دفتر میں آتشزدگی ناقابل فہم ہے ،سرکاری دفاتر میں پر اسرار آتشزدگی معمول بن چکی ہے۔

دریں اثناء حق پرست وائس چیئرمین فرید احمد خان اورکونسلرز عزیر قریشی، شہاب الدین،عدیل خضر نے بلدیہ میرپورخاص میںپر اسرار آتشزدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدارتی احکامات پر بلدیہ میرپورخاص میں گذشتہ 10 برسوںمیں ہونے والی کروڑوں روپے کی کرپشن کی اینٹی کرپشن کی جانب سے تحقیقات کا آغاز ہوتے ہی کرپٹ اور جرائم پیشہ عناصر متحرک ہو چکے ہیں اور یہ آتشزدگی کرپشن کے ثبوت مٹانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیہ میرپورخاص میں حساس نوعیت کے ریکارڈ کی حفاظت کیلئے رینجرز اور پولیس تعینات کی جائے اور اس پر اسرار آتشزدگی کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کرواکر زمہ داروں کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں