پولیو مہم میں غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کی جائے ،ڈپٹی کمشنر میرپورخاص

ہفتہ 11 جنوری 2020 16:05

پولیو مہم میں غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کی جائے ،ڈپٹی کمشنر میرپورخاص
میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن نے کہا ہے کہ میرپورخاص ضلع میں پولیو وائرس آچکا ہے، بہتر حکمت عملی سے ہی وائرس ختم کیا جاسکتا ہے فیلڈ میں ٹیمیں مکمل ہونی چاہئے، پولیو مہم میں غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کی جائے مہم کے دوران بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے کسی سے بھی رعایت نہ کی جائے۔

اس امر کااظہار انہوں نے 13سی17جنوری تک ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق دربارہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں پولیو کی3کیس ظاہر ہونا لمحہ فکریہ ہے اگر اب کسی بھی یونین کونسل میں عملے کی غفلت کے سبب کوئی بھی پولیو کیس ظاہر ہوا تو متعلقہ عملے کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یوسی ایم اوز اور ایریا انچارجز کو ہدایت کی کہ جن ورکروں کی کارکردگی بہتر نہیں ان کی نشاندہی کی جائے کارکردگی بہتر نہ کرنے پر ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جن ٹرانزٹ پوائنٹ کی کارکردگی بہتر نہیں ہے ان پر اسکاؤٹس کی مدد فراہم کی جائے گی اور اسکاؤٹس کو ٹریننگ دی جائے گی۔انہوں نے یو سی ایم اوز کو یہ بھی ہدایت کی کہ جن یونین کونسل کی کارکردگی خراب ہے اس پر خصوصی توجہ دی جائے اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو آگاہ کیا جائے اگر کوئی عملہ دوبارہ ٹریننگ کرنا چاہے تو دوبارہ بھی ٹریننگ کرائی جائے گی اورکہا کہ تحصیل اور یو سی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کی جائیں، جن علاقوں میں لیڈی ہیلتھ ورکرکی کمی ہے ان کو پورا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جن اسکولوں کے اساتذہ کی پولیو مہم میں ڈیوٹی لگنے کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے،ان کی جگہ جن اسکولوں میں اساتذہ کی تعدادزیادہ ہے ان اساتذ ہ کو پولیو مہم میں شامل کیا جائے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انوارالدین کھتری اور فوکل پرسن ڈاکٹر نارائن داس نے پولیو مہم کے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر Iسلامت میمن، اسسٹنٹ کمشنرمیرپورخاص غلام حسین کانہیوں، اسسٹنٹ کمشنرحسین بخش مری محمد خان کھٹی، اسسٹنٹ کمشنرسندھڑی پریم چند، اسسٹنٹ کمشنرشجاع آباد شہا ب اسلم، اسسٹنٹ کمشنرکوٹ غلام محمد نظیر میمن، ڈی ایس پی سی آئی اے عبدالخالق وگن، مولانا شریف سعیدی، تعلیم، پولیس، این جی اوز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں