ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں انتخابی مہم کا آغاز

متحدہ رہنمائوں نے بلدیاتی امیدواران اور ذمہ داران کے ہمراہ مزارات پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں

جمعہ 10 جون 2022 17:30

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2022ء) ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات 2022؁ء کے سلسلے میں بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس موقع پر رکن سندھ تنظیمی کمیٹی شفیق احمد، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے نامزد بلدیاتی امیدواران برائے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز اور یوسی انچارجز و ذمہ داران کے ہمراہ مزارات پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

بعدازاں فاتحہ خوانی اور ایم کیو ایم پاکستان کی فتح و کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ عوام نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ رہنمائوں ، ذمہ داران اور نامزد بلدیاتی امیدواران کا پرتپاک استقبال کیا اور گل پاشی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متحدہ رہنمائوں نے علاقہ مکینوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سے حق پرست عوام کی لازوال محبت نے ثابت کردیا کہ حق پرست بلدیاتی امیدواران کی کامیابی یقینی ہے۔

حق پرست بلدیاتی نمائندوں نے ماضی میں جس طرح عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کے لئے جدوجہد کی اور ترقی و خوشحالی کی راہیں کھولی ہیں اس سے ہر ذی شعور اندازہ لگا سکتا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی یقینی ہے ۔ اب مخالفین کا عبرتناک شکست سے دوچار ہونا طے ہوچکا ہے۔باشعور حق پرست عوام نے تمام تر منفی ہتھکنڈوں اور زہریلے پروپیگنڈے کی سیاست کو مسترد کردیا ہے ،یہی وجہ ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور حق پرست عوام کا اٹوٹ رشتہ آج بھی قائم ہے۔ باہمی اتحاد سے احساس محرومی کا خاتمہ کریں گے۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں