میر پور آزاد کشمیر کی نشست ایل اے 3 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

پاکستان مسلم لیگ ن اور تحریکِ انصاف کے درمیان سخت مقابلہ، 61 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 50 حساس قرار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 24 نومبر 2019 12:45

میر پور آزاد کشمیر کی نشست ایل اے 3 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری
میر پور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24نومبر2019ء) : میر پور آزاد کشمیر کی نشست ایل اے 3 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریکِ انصاف کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے اور 61 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 50 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ ریٹرنگ آفسر کے مطابق میر پور آزاد کشمیر کی نشست ایل اے 3 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے جو بغیر کسی وقفے کے پانچ بجے تک جاری رہے گا،میر پور آزاد کشمیر کی نشت پر مسلم لیگ ن کے امیدوار صہیب سعید اور سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

ریٹرنگ آفیسر محمد ادریس بھٹی نے بتایا ہے کہ آزاد کشمیر کی نشست ایل اے 3 میں کل رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 59 ہزار 494 ہے جن میں 32 ہزار 490 مرد اور 27 ہزار 4 خواتین ووٹرز ہیں۔

(جاری ہے)

ریٹرنگ آفسر کے مطابق پولنگ کےلئے 49 مرد پولنگ اسٹیشنز، 47 خواتین پولنگ اسٹیشنز اور 23 مشترکہ پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ پولنگ کے دوران سیکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم نے کہا ہے کہ حلقے کے 8 زونز میں 2 ہزار 700 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 61 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 50 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حلقہ کے ہر پولنگ سٹیشن پر سیکیورٹی کے لیے 22 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں