کمشنرمیرپورڈویژن کی طرف سے میرپورسبزی فروٹ منڈی کو ختم کرکے کھلے عام سبزی فروٹ منڈی کا قیام خوش آئند ہے‘سیاسی وسماجی اور عوامی حلقے

جمعرات 24 مئی 2018 14:21

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) سیاسی وسماجی اور عوامی حلقوں نے کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمدطیب کی طرف سے میرپورسبزی فروٹ منڈی کو ختم کرکے کھلے عام سبزی فروٹ منڈی کے قیام کوخوش آئندہ قراردیتے ہوئے کہاکہ موجودہ سبزی منڈی پرایک بڑا مافیااثرانداز ہے جو ذخیرہ اندوزی کرکے ساراسال خود ساختہ مہنگائی قائم کررکھتا ہے ۔

سبزی منڈی میں مافیاکے ایکا کی وجہ سے دوکانداروں کو مہنگے داموں سبزی اور فروٹ فروخت ادھار دیکر انھیں گروی رکھاگیاہے۔ انتظامیہ کی طرف سے بار باروارننگ اور کارروائیوں کی بھی اس مافیا نے کوئی پرواہ نہیں کی اور اب یہ مافیابے لگام ہوگیاتھا جس پرعوامی حلقو ں کے شدید تحفظات اور شکایات تھیں۔ انتظامیہ کی طرف سے سبزی فروٹ منڈی کے اس مافیا کے خلاف خفیہ طورپربھی چیکنگ کی گئی جس میں بڑی حد تک بے ضابطگیاںتھیں۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کی رپورٹ اور عوامی حلقوںکی شکایات کانوٹس لیتے ہوئے کمشنر میرپورڈویژن نے سبزی فروٹ منڈی میں الاٹ شدہ دوکانوں کی بھی تحقیقات کاحکم دیاکہ ایک ہی خاندان کے 16 افراد کودوکانیں کس طرح الاٹ کی گئی ہیں۔ موجودہ سبزی منڈی کے لیے جودوکانیں الاٹ کی گئی تھیں وہ اصل میں لاری اڈہ کی جگہ ہے جس پرکمشنر میرپورڈویژن نے موجودہ سبزی منڈی کی الاٹ شدہ دوکانوں کوکینسل کرنے کی بھی ہدایات کردی ہے ۔

کمشنر میرپورڈویژن کے ان مثبت اور عوامی مفاد میں اٹھائے جانے والے اہم اقدامات سے سبزی فروٹ میں خود ساختہ مہنگائی کاجہاںخاتمہ ہوگا وہاں اوپن مارکیٹ میںقائم ہونے والی سبزی منڈی جس کی نگرانی انتظامیہ کرئے گی میں پاکستان کی دوسری منڈیوں سے بیوپاری حضرات بھی اپنا مال فروخت کرسکیں گے جس سے دوکانداروں اور عوام الناس کوبھرپور ریلیف ملے گا۔

سیاسی سماجی اور عوامی حلقوں نے کمشنر میرپورڈویژن کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے ان اقدامات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔سماجی حلقوں نے میونسپل کارپوریشن کے احکام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ کمشنر میرپور کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر فوری عمل کریںتاکہ خود ساختہ مہنگائی کاسبب بننے والوں کوکیفرکردار تک پہنچایاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں