بیرسٹر سلطان نے محمدفاروق خان ایڈووکیٹ کی طرف سے متاثرین زلزلہ میں کھانے پینے کی اشیاء پرمشتمل امدادی پیکیج تقسیم کردیا

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 14:47

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2019ء) سربراہ پی ٹی آئی آزادکشمیر وسابق وزیراعظم آزادکشمیربیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے حلقہ سماہنی کی معروف سیاسی،سماجی وکاروباری شخصیت راجہ محمدفاروق خان ایڈووکیٹ کی طرف سے متاثرین زلزلہ میں کھانے پینے کی اشیاء پرمشتمل امدادی پیکیج تقسیم کیا۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیئے تحصیل سماہنی سے تعلق رکھنے والی معروف سیاسی،سماجی و کاروباری شخصیت راجہ محمد فاروق خان ایڈوکیٹ نے 500 متاثرہ گھرانوں کے لیے جاتلاں میں امدادی پیکج تقسیم کیا۔

امدادی پیکج میں آٹا، گھی ، چاول ، چینی ، پتی ،دالیںاور مصالہ جات شامل تھے۔اس موقع پر راجہ ثاقب طفیل خان، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

امدادی پیکج ساہنگ ککری، خالق آباد ، بن خرماں ، سیکٹر F-2 کچی آبادی ، افضل پور ، جوڑیاں اور اہم متاثر ہ موضع جات میں برابر تقسیم کیا گیا۔ راشن کی تقسیم کے وقت متاثرین زلزلہ نے راجہ محمد فاروق خان ایڈوکیٹ کے لیئے ڈھیروں دعاوںکے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پرسابق وزیراعظم بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہاکہ زلزلہ قدرتی آفت تھی ۔ہم سب متاثرین کے دکھ درد میں برابرکے شریک ہیں۔ ہم سب مل کرہی ان کے دکھوں کامداواکرسکتے ہیں۔ راجہ محمدفاروق خان اور دیگر جو اس کارخیرمیں حصہ لے رہے ہیںاس کااجرانھیں اللہ تعالیٰ کی ذات دے گی۔مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کوملکر متاثرین کی بحالی وآبادکاری کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں