حکومت آزاد کشمیر کے پاس اگر وسائل نہیں ہیں تو وہ وفاق کو درخواست کرے ،بیرسٹر سلطان

میرپور کے متاثرین زلزلہ کو بے یارومددگار چھوڑ کر حکومت آزاد کشمیر سنگین مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہو رہی ہے لوگوں کو معاوضے نہ ملنا اور شیلٹر نہ دینے سے لوگ سردی سے بے حال ہیں، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

ہفتہ 4 جنوری 2020 22:18

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جنوری2020ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و صدر پی ٹی آئی کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میرپور کے متاثرین زلزلہ کو بے یارومددگار چھوڑ کر حکومت آزاد کشمیر سنگین مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہو رہی ہے لوگوں کو معاوضے نہ ملنا اور شیلٹر نہ دینے سے لوگ سردی سے بے حال ہیں حکومت آزاد کشمیر کے پاس اگر وسائل نہیں ہیں تو وہ وفاق کو درخواست کرے میں بھی اس سلسلے میں ان کی مدد کو تیار ہوں متاثرین کی بحالی اور ریلیف کا کام بنیادی طور پر حکومت آزاد کشمیر کی ذمہ داری ہے تجاوزات خاتمے کا منصفانہ بنیادوں پر ہمیشہ حامی رہا ہوں مگر اس وقت شہر تباہ زدہ ہے اور انفراسٹرکچر کی بحالی اور لوگوں کو بحال کر کے آبادکاری ضروری ہے میرپور کے لوگ باشعور ہیں ان کو اس سلسلے میں مناسب وقت دیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے متاثرین زلزلہ نکہ کھاڑک کے وفدسے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق سٹی صدر چودھری منشا،حاجی جاوید اکرم،چوہدری مالک،چودھری امجد،چودھری معروف،چودھری منشا نکہ،چودھری جہانگیر کے علاوہ درجنوں افراد موجود تھے،بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے مزید کہا کہ زلزلہ کو تین ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے مگر اس کے باوجود حکومت آزاد کشمیر زبانی جمع خرچ سے باہر نہیں نکل سکی لوگ سروے پر بھی مطمئن نہیں اس شدید سردی میں لوگوں کو شیلٹر نہیں مہیا ہو سکے اور نہ ہی انھیں معاوضے مل سکے ہیں تعلیمی اداروں کی بھی زلزلہ میں تباہی نکل چکی ہے روڈ انفراسٹکچر بھی تباہ ہے مگر حکومتی رویہ متعصبانہ ہے جو برداشت نہیں کرینگے متاثرین کی آبادی کاری اور بحالی بنیادی طور پر آزاد حکومت کی ذمہ داری ہے انھوں نے ابھی تک وفاق سے درخواست ہی نہیں کی جو ان کی سنگین غفلت ہے کھلے آسمان تلے پڑے لوگوں کی مشکلات کو ختم نہ کرنا زیادتی ہے جس پر خاموش نہیں رہ سکتے اگر فوری عملدرآمد نہ ہوا تو راست اقدام کا حق محفوظ رکھتے ہیں انھوں نے کہا کہ میں تجاوزات خاتمے کا منصفانہ بنیادوں پر حامی رہا ہوں مگر اس وقت شہر تباہ حالی کا شکار ہے لوگوں کو مزید مشکلات کا شکار نہ کیا جاے اور ان کو مناسب وقت دیا جائے کیونکہ زلزلے سے پورے شہر میں اربوں کا نقصان ہوا ہے اور لوگوں کی استعداد کار بری طرح متاثر ہوئی ہے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں متاثر ہونے والے تعلیمی اداروں اور روڈ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں لوگوں کو معاوضہ جات دیے جائیں اور اگر آزاد حکومت سکت نہیں رکھتی تو پھر وہ وفاق سے درخواست کرے میں بھی ان کی مدد کرونگا انھوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔

***

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں