چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت سربراہان محکمہ جات اور انتظامی آفیسران کا اجلاس

وادی نیلم میں جاری ریلیف آپریشن کے علاوہ حالیہ بارشوں کے باعث سڑکوں کی بحالی، طبی سہولیات، اور ادویات کے سٹاک کا جائزہ لیا گیا

پیر 20 جنوری 2020 18:57

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2020ء) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت سربراہان محکمہ جات اور انتظامی آفیسران کا اجلاس کمشنر آفس میرپورمیں منعقد ہوا۔ اجلاس ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوا جس میںانسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری جنگلات، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری ورکس، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ،ڈی جی ہیلتھ، کمشنر مظفرآباد، کمشنر پونچھ، انچارج کمشنر میرپور، ڈی آئی جی میرپور ڈویژن، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈی سی مظفرآباد،ایس ایس پی میرپور، ایس ایس پی مظفرآباد، پی ایس او ہمراہ چیف سیکرٹری ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں آزاد کشمیر میں اشیاء خوردونوش کی دستیابی کی صورت حال اور ان کی قیمتوں،وادی نیلم میں جاری ریلیف آپریشن کے علاوہ حالیہ بارشوں کے باعث سڑکوں کی بحالی، طبی سہولیات، اور ادویات کے سٹاک کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خوراک سید ظہور الحسن گیلانی نے اجلاس میں بتایا کہ اپر نیلم، لیپہ اور فاروڈ کہوٹہ کے دور افتادہ اونچے برفانی علاقہ جات میں خوراک کا چھ ماہ کاسٹاک موجود ہے تاہم کچھ علاقوں میں سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے اشیاء خوردنوش کی ترسیل میںمشکلات کا سامنا ہے جسے کلیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے ان مقامات پر جلد غذائی کمی پوری کر لی جائے گی۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ہیلتھ نے بتایا کہ دور دراز اور برفانی علاقوںمیں اضافی ادویات کا سٹاک متعلقہ ڈی ایچ او ز کے پاس موجود ہے جبکہ اس حوالہ سے محکمہ صحت ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ زیادہ برف باری والے ان علاقہ جات میں مجموعی کوٹہ سے 25فیصد زائد ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹر ی شاہرات، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے نے بھی بریفنگ دی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام ریاستی مشینری، ریسکیو اوردیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور ریسکیو کی سرگرمیاں جاری رکھیں اور خوراک وادویات کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ پنجاب کے قریبی شہروں سے آزاد کشمیر میں گندم سپلائی کی جائے تاکہ ترسیل میں مسائل نہ ہوں۔ انہوں نے کمشنر ز اور ڈی سی اضلاع کو ہدایت کی آزادکشمیر بھر اور بالخصوص بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں خوراک اور ادویات کی ہرممکن فراہمی کی جائے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپورآپریشن کیا جائے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری نے حالیہ ایمرجنسی کی صورتحال کو محنت، ہمت اور جانفشانی سے کام کرنے والے سربراہان محکمہ جات اور آفیسران کی کارکردگی کوسراہااور ایس ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ موسمی صورتحال سے لوگوں کو آگاہ کریں تاکہ عوام برف باری کے نقصانات سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں