اساتذہ قوم کے معمار ،نئی نسل کی تعلیم و تربیت کیساتھ مسئلہ کشمیر ،تحریک آزادی کشمیر کیلئے ذہنی و فکری لام بندی کرنا اضافی ذمہ داری ہے،بیرسٹر سلطان

کشمیریوں نے اپنی آزادی کی منزل کے حصول کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اب ان کی قربانیوں کا ثمر انھیں ملنے والا ہے اور جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارت سے آزادی ملے گی، تقریب سے خطاب

منگل 18 جنوری 2022 23:51

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں نئی نسل کی دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت ان کی جہاں اہم ذمہ داری ہے وہاں آزادکشمیر کے اساتذ ہ کی اضافی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کے معماروں کی مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے ذہنی و فکری لام بندی کریں اور سوسائٹی کی تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کرنے کی طرف توجہ مبذول کروائیں۔

آزادی کے بیس کیمپ کے صدر کی حیثیت سے میں نے تحریک آزادی کشمیرکی کامیابی اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی ترجیحات میں رکھا ہے۔ اسی وجہ سے میں نے حلف اٹھانے کے بعد بین الاقوامی دورے کیے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، برطانوی و یورپی یونین کی پارلیمنٹ سمیت برسلز، پیرس، ہالینڈ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام پر ڈھائے جانیوالے بے پناہ مظالم کے خلاف آواز اٹھائی اوربھارت کے سیکولر ازم کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

(جاری ہے)

بھارت 05اگست 2019کے غیر قانونی و غیر آئینی اقدام سے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں 4.2ملین غیر ریاستی افراد کو بھارتی ڈومیسائل جاری کرکے آبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے پناہ انسانیت سوز مظالم ڈھارہا ہے کشمیریوں نے اپنی آزادی کی منزل کے حصول کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اب ان کی قربانیوں کا ثمر انھیں ملنے والا ہے اور جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارت سے آزادی ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکول ٹیچرز آرگنائزیشن تحصیل و ضلع میرپور کی تقریب حلف برداری کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت ضلعی صدر محمد اسماعیل چوہدری نے کی اور سپاس نامہ پیش کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد حفیظ خان نے سرانجام دیئے۔تقریب حلف برداری سے آزادکشمیر کے مشیر حکومت چوہدری مقبول احمد مرکزی ٹیچر آرگنائزیشن کے صدر سردار تاسب شاہین، سابق مرکزی صدر ٹیچر آرگنائزیشن سید نذر حسین شاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری و ممبر اسمبلی محترمہ صبیحہ صدیق، ڈی جی ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی، پی ٹی آئی کے مرکزی راہنما جبار احمد منہاس،چوہدری محمد امجد، پی ٹی آئی سٹی خواتین کی صدر محترمہ شاہ بانو ظفر، ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز سیدابرار حسین شاہ،ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز محترمہ آنسہ کوثر،سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر محمد بشیر چوہدری،میاں محمد بخش لائبریری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر احمد قاضی، پروفیسر صغیر احمد آسی کے علاوہ صدرمعلمین و معلمات،اساتذہ کرام،سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے تحصیل و ضلع میرپور سکول ٹیچرز آرگنائزیشن کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اور انہیں مبارک باد دی۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ اساتذہ کی عزت و احترام اور ان کے وقار کا ہر ممکن خیال رکھا جائیگا۔ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت کے لیے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں ان کے سکیل کی اپ گریڈیشن، رہائشی کالونیوں سمیت دیگر جملہ حل طلب مسائل حل ہوں گے۔

حکومت آزادکشمیر نے پہلے بھی اساتذہ کے حل طلب مسائل کے حل کے لیے وزیر تعلیم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر رکھی ہے۔ اساتذہ سے توقع ہے کہ وہ تعلیمی میدان میں اپنی ذمہ داریاں پہلے سے بڑھ کر محنت اور دیانتداری سے سرانجام دیں گے۔ ہماری حکومت اساتذہ کی عزت و وقار میں اضافہ کرے گی چونکہ اساتذہ ہی معاشرہ کا وہ حصہ ہیں جو تعلیم و تربیت سے طلباو طالبات کو بڑے بڑے عہدوں پر پہنچاتے ہیں۔

بعد ازاں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر نے ڈیرہ حیدر علی کاشر پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آزاد کشمیر کے جنرل الیکشن میں عوام سے بلدیاتی الیکشن کروانے کا وعدہ کیا تھا اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی تحریک انصاف کے بنیادی منشور میں شامل ہے۔ جلد آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کروا کے اقتدار نچلی سطح پر منتقل کریں گے، آزاد کشمیر کے نوجوان بلدیاتی الیکشن کی تیاری کر لیں اس موقع پر رواف علی کاشر حیدر علی کاشر صدارتی مشیر ڈاکٹر محمد امتیاز آف سوکاسن چوہدری مرید حسین سمیت دیگر عوام بڑی تعداد میں موجود تھی صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بیس کیمپ کے صدر ہونے کی حیثیت سے میں نے تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہوا ہے۔

بھارتی بربریت کے خلاف اور مظلوم و مجبور کشمیریوں کی آواز کو دنیا میں بلند کرنے کے لییبرطانیہ،امریکہ،یورپ،لندن،برسلز سمیت انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس،برطانوی ویورپی پارلیمنٹ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں گیا ہوں اور مظاہروں کی قیادت بھی کی ہے انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اوورسیز کشمیریوں کا بڑا اہم رول ہے میرے دورہ برطانیہ اور یورپ کے دوران پچاس سے زائد ممبران پارلیمنٹ شامل تھے جس کا کریڈٹ اوورسیز کو جاتا ہے انھوں نے کہا کہ گرچہ برطانوی و یورپی حکومتوں کے تجارتی مفادات بھارت کے ساتھ ہیں لیکن وہاں کی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہے اور یہ ایک اچھی خبر ہے۔

دنیا مسئلہ کشمیر کی حقیقت جان رہی ہے اور مودی کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت بھی کر رہی ہے۔انھوں نے کہاکہ میں آزادکشمیر کا پہلا منتخب صدر ہوں جس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی مین جاکر مسئلہ کشمیر پر بات کی اور وہاں کے تھینک ٹینک سے بھی ملاقاتیں کیں۔انھوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ریاست جموں وکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں متحد اور منظم ہیں۔سیاسی و جماعتی اختلافات اپنی جگہ لیکن تحریک آزادی کشمیر کے نقطہ پر ہم ایک ہیں اس حوالے سے میں نے بھی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو دعوت دی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں