میرپورمیں تجاوزات کے خاتمہ کے لیے سپریم کورٹ آزادکشمیر کے فیصلے اور ہدایات پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنائیں ، ڈپٹی کمشنر چوہدری امجدا قبال

جمعرات 26 مئی 2022 18:25

میرپور( آزاد کشمیر ) 26 مئی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر چوہدری امجدا قبال نے کہا ہے کہ میرپور میں تجاوزات کے خاتمہ کے لیے سپریم کورٹ آزادکشمیر کے فیصلے اور ہدایات پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے جملہ ادارے اپنا فوری کردار ادا کریں جن سیکٹروں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے اس کا ملبہ ایک ہفتہ میں اٹھایا جائے متعلقہ افراد کی طرف سے ملبہ نہ اٹھانے پر تجاوزات کرنے والوں کو جرمانے کیے جائیں جس کے بعد بلدیہ ملبہ اٹھائے گی۔

اس طرح شہر میں لگائے گئےبڑے بل بورڈ بھی فوری اتارے جائیں۔متعلقین کو دو تین دن کا نوٹس دیا جائے۔دیو ہیکل بل بورڈ اور سڑکوں پر نصب شدہ مختلف قسم کے بل بورڈ بھی فوری ہٹائے جائیں۔سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تجاوزات کے خاتمہ،ملبہ اٹھانے،ہال روڈ کی صفائی اور بل بورڈکے اترانے کے عمل کو جملہ ادارے اپنی ترجیحات میں رکھتے ہوئے ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ پیش کریں۔

(جاری ہے)

بل بورڈ اترنے کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یاسر ریاض کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے جو بل بورڈ اترانے میں اپنا کردار ادا کرئے۔تجاوزات کے خاتمہ کے لیے کسی سے کوئی رو رعایت نہیں برتی جائیگی اور نہ ہی کسی ایک فرد کو چھوٹ دی جاسکتی ہے۔قانو ن اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔اپریشن کلین اپ کے دوران بلا تخصیص کاروائی عمل میں لائی جائے۔

ان خیالات کا اظہا رانھوں نے سپریم کورٹ آزادکشمیر کے احکامات پر سو فیصد عملدرآمدکو یقینی بنانے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایس ایس پی کامران علی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری یاسر ریاض،اسسٹنٹ کمشنر منیر احمد قریشی،ڈائریکٹر پلاننگ ایم ڈی اے مرزا کلیم جرال،چیف آفیسر بلدیہ چوہدری ارشد حسین،اسٹیٹ آفیسر محمد فیاض،ڈی ایس پی خواجہ عبدالقیوم،افسر مال راجہ ایاز احمد خان،تحصیلدار سید کلیم عباس شاہ،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، ٹیکس آفیسر بلدیہ چوہدری بشار ت حسین،ایڈمن آفیسر چوہدری طارق محمود،نائب تحصیلدار راجہ محمد شکیل بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ معززعدالت العظمیٰ آزادکشمیر کے احکامات کے مطابق اورعدالت کی طرف سے دیے جانے والے ٹائم فریم میں اداروں کی طرف سے تجاوزات ہٹانے میں سستی کی سرزنش ہوتی ہے لہذا ٓئندہ تاریخ تک سپریم کورٹ آزادکشمیر کی طرف سے دی گئی آئندہ تاریخ سے قبل جملہ احکامات پر من و عن عملدرآمد کروایا جائیگا اس سلسلہ میں میونسپل کارپوریشن،ادارہ ترقیات،انتظامیہ اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ ادارے بھی اپنی اپنی ذمہ داریاں ترجیحات سمجھ کر ادا کریں گے۔

اجلاس میں ایس ایس پی کامران علی نے کہاکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کے سلسلہ میں پولیس،انتظامیہ اور اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔تجاوزات ہٹانے یا دیگر احکامات پر عملدرآمد کے سلسلہ میں امن و امان کی صورتحال کو مکمل کنٹرول کیا جائیگا۔اس سلسلہ میں جہاں کہیں کوئی رکاوٹ ہو پولیس اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرئیگی۔تجاوزات کے حوالے سے جملہ تھانوں کے ایس ایچ او صاحبان کو بھی ہدایات جاری کریں گے کہ جس تھانہ کی حدود میں اپریشن شروع ہو وہاں پولیس فوری پہنچ کر امن و مان کی صورتحال کو بحال رکھے۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں