یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی انتظامیہ کی فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ہڑتالیوں کے خلاف سخت کارروائی

جمعرات 23 جون 2022 22:45

میرپور : (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2022ء) حکومت آزاد جموں کشمیر کے زیر انتظام میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اعلی انتظامیہ کی فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ہڑتالیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شعبہ کی کنٹریکٹ فیکلٹی برطرف اور مستقل فیکلٹی کی تنخواہ اور الاؤنسز کو روک دیا گیا، ٹیکنیکل الاؤنس کے ناجائز مطالبات کو یونیورسٹی سینٹ نے یکسر مسترد کر دیا ہے ، اُس کی آڑ میں انجینئرنگ کے طلباء کے مستقبل سے بری طرح کھیلاجا رہا ہے۔

جمعرات کے روزوائس چانسلر بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید ستارہ امتیاز ملٹری نے کہا ہے کہ یونیورسٹی اپنے طلبہ کے تعلیمی نقصان پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی، جو لوگ تعلیمی سرگرمیوں کو سبوتاژ کر رہے ہیں اور انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے چلنے والے پروگراموں کو ڈی ریل کر رہے ہیں ان کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر یونس جاوید نے کہا کہ پاکستان کی 174 یونیورسٹیوں میں سے کسی ایک بھی یونیورسٹی میں ٹیکنیکل الاؤنس نہیں دیا جا رہا کیونکہ یہ صرف ان انجینئرز کے لیے ہے جو فیلڈ میں کام کر رہے ہیں۔ یونیورسٹی سینٹ نے ٹیکنیکل الاؤنس کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے جس کے بعد اس معاملے پر مزید بات کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے لہٰذا انجینئرنگ فیکلٹی کا یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ ٹیکنیکل الاؤنس پر معاہدہ کرنے کا دعویٰ سراسر بے بنیاد ہے، انجینئرنگ الائونس، کمیٹیوں کی تشکیل اور پریس کانفرنسز کا انعقاد کرنا یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط اور سرکاری اصولوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی فیکلٹی کا طلباء کے ساتھ اس ظالمانہ امر پر افسوس کا اظہار کیا جو اپنے ناجائز اورذاتی مفاد ات پر قوم کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔ گزشتہ چار ہفتوں سے وائس چانسلر کی سربراہی میں یونیورسٹی انتظامیہ نے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی فیکلٹی کے ساتھ کلاسز کی بحالی کے لیے مذاکرات کے مختلف دور منعقد کیے، فیکلٹی ہر بار یہ وعدہ کرتی رہی کہ ایک یا دو دن میں وہ کلاسزمیں تدریسی عمل شروع کردیں گے لیکن بدقسمتی سے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی فیکلٹی آئے روز ٹال مٹول کرکے طلباء کا مستقبل خراب کررہے ہیں جس کی یونیورسٹی انتظامیہ کسی صورت اجازت نہیں دیتی اور ہڑتال کرنے والوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق اقدامات کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔

میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں تعلیمی عمل کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کر رہی ہے، میرپور یونیورسٹی اپنی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے وہ طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی جاری رکھتے ہوئے یونیورسٹی کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں