میرپور میں مہنگائی ،ملاوٹ،ٹرانسپورٹ کے مسائل ،کرپشن اور دفاتر میں شہریوں کے مسائل حل نہ کرنے سے کسمپرسی عوام کو ذہنی مریض بنا رہی ہے،شبیر احمد جنجوعہ

منگل 14 نومبر 2017 18:53

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2017ء) جموں کشمیر محاذ رائے شمار ی کے سٹی صدر شبیر احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ میرپور میں مہنگائی ،ملاوٹ،ٹرانسپورٹ کے مسائل ،کرپشن اور دفاتر میں شہریوں کے مسائل حل نہ کرنے سے پیدا ہونے والی کسمپرسی عوام کو ذہنی مریض بنا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی چیئرمین پبلسٹی بورڈ محمد عظیم دت ایڈووکیٹ کے دفتر میں شہری مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مختلف سیکٹروںسے محاذ رائے شماری کے رہنما بھی موجود تھے جن میں محمد احسان قریشی، محمد اسحٰق جنجوعہ، محمد بشارت دت زرگربن خرماں، انعام الحق طور، قاضی محمد مشتاق، سیکٹر بی فائیو، میر امجد محمود زرگر،محمد رفیع زرگر بی تھری،ابرار بیگ چترپڑی، ابرار انصاری،ابو عامر،ہارون حنیف،انیس خالد سی تھری، جمیل اختر قریشی ، محمدشوکت دت زرگر سی فور،میاں شفیق سیکرٹری جنرل، میاں محمد عثمان رفیق، احتشام رفیق میاں بھڑکے اور دیگرشامل تھے انہوں نے کہا کہ ا س وقت میرپور شہر میں مہنگائی قریبی شہر دینہ سے تین گنا زیادہ ہے لیکن انتظامیہ خوابِ خرگوش میں ہے جو صرف رمضان المبارک میں جاگتی ہے اور سرکاری نرخوں سے کم نرخوں پر فروخت کرنے والوں کو بھی جرمانے کر دیتی ہے ،اشیاء صرف میں ملاوٹ کا چیک کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے کبھی کبھار بھتہ نہ دینے والوں کا منوں دودھ اور دہی پکڑ کر تلف کر دیا جاتا ہے لیکن مستقل بنیادوں پر روکنے کا کوئی بندوبست نہیں ہے ، شبیر احمد جنجوعہ نے کہا اس وقت قریب ساٹھ ہزار ادویات کی فیکٹریاں پاکستان میں موجود ہیں جن میں رجسٹرڈ صرف پندرہ ہزار ہیں جب کہ میرپور شہر میں کئی فیکٹریاں کیپسول بنا کر عوام کو گولیاں دے رہی ہیں لیکن عوام کو کوئی علم نہیں کہ ان کی انسپیکشن کون کرتا ہے اور یہ رجسٹرڈ کہاں ہوتی ہیں اور ان کو لائسنس کون جاری کرتا ہے، شہر میں ٹرانسپورٹ کی بد نظمی کا یہ عالم ہے کہ جگہ جگہ ٹریفک جام رہتی ہے لیکن کوئی بندوبست نہیں شہر میں کسی جگہ عوامی پارکنگ کا بندوبست نہیں ہے ڈی سی گارڈن میاں محمد روڈ پر پارکنگ موجود ہے لیکن اس کی فیسیں اتنی زیادہ رکھ دی گئی ہیں کہ اس طرف کوئی رخ ہی نہیں کرتا اور میاں محمد روڈ کالج چوک سے اسٹیڈیم چوک تک تھری رویہ پارکنگ سے عوام کے لئے سوہانِ روح بنی ہوئی ہے ،پارکنگ کی فیس پانچ روپے کر کے میاں محمد روڈ پر ہر قسم کی پارکنگ پر پابندی لگا دی جائے، اداروں اور دفاتر میں لوگوں کے جائز کام بھی کرپشن اور رشوت کے بغیر نہیں ہو تے جس وجہ سے شہری شدید ذہنی دبائو کا شکار ہیں اور کسی بھی وقت لاوہ پھٹ سکتا ہے اس موقع پر عظیم دت نے کہا یہ تمام مسائل انتظامیہ کی نا اہلی کا نتیجہ ہیں ان پر غور کرنے اور آیندہ کا لائحہ عمل اختیار کرنے کے لئے جمعہ سترہ نومبر دو بجے دن بمقام ہال روڈ مکان نمبر ایک سیکٹر جی و ن میں ایک اجلاس طلب کر لیا گیا ہے تمام ممبران کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی جاتی تا کہ مسائل کے لئے عوام کو اعتماد میں لیا جا سکے ۔

۔۔۔راٹھور

متعلقہ عنوان :

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں