بھارتی حکومت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے، مقبوضہ ریاست میں رائج کالے قوانین کو منسوخ اور بین الاقوامی فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کو انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مقبوضہ وادی کا دورہ کرنے کی اجازت دے ، صدر سردار مسعود خان نے برطانوی پارلیمنٹ میں کل جماعتی پارلیمانی کشمیر گروپ کے کردار کی تعریف

صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کامیر پور میںاستقبالیہ تقریب سے خطاب

اتوار 23 ستمبر 2018 16:11

میر پور/ اسلام آباد۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے، مقبوضہ ریاست میں رائج کالے قوانین کو منسوخ اور بین الاقوامی فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کو انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مقبوضہ وادی کا دورہ کرنے کی اجازت دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر پور میں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے برطانوی دار الامراء کے رکن لارڈ قربان حسین، برطانوی پارلیمنٹ میں کل جماعتی پارلیمانی کشمیر گروپ کے سینئر وائس چیئرمین عمران حسین اور آزادکشمیر کے وزیر کھیل، امور نوجوانان چوہدری محمد سعید اور دیگر اہم رہنما شریک بھی ہوئے ۔

(جاری ہے)

صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی نئی چیئرمین مشل بیکلے کی انسانی حقوق کونسل کے حالیہ اجلاس میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تنازعہ نہیں بلکہ یہ ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے مستقبل کا معاملہ ہے جس کا فیصلہ کشمیری عوام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خودارادیت دینے کی بجائے کالے قوانین کا سہارا لے کر ظلم و ستم کے ذریعے حق وانصاف پر مبنی آواز کو دبانا چاہتا ہے لیکن کشمیری عوام اپنے حق آزادی کے حصول تک جدوجہد کو جاری رکھنے کے لئے پر عزم ہیں ۔ صدر سردار مسعود خان نے برطانوی پارلیمنٹ میں کل جماعتی پارلیمانی کشمیر گروپ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی کشمیر گروپ نہ صرف کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو موثر انداز میں اجاگر کر رہا ہے بلکہ اس گروپ کی قیادت نے آزادکشمیر کا دورہ کر کے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آزادکشمیر کی سیاسی قیادت اور عوام سے ملاقاتیں کر کے ان کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی بھی کوشش کی ہے جس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

صدر آزادکشمیر نے بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 7 دہائیوں سے اپنے حق آزادی کے حصول کے لئے بر سر پیکار ہیں اور ان کی جدوجہد اقوام متحدہ کے بنیادی چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے۔ برطانیہ اور دیگر ممالک میں آباد کشمیریوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے کشمیری کشمیر کاز کے سفیر ہیں اور ہم ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی 12 شخصیات کی برطانوی پارلیمنٹ میں موجودگی بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اس کے صحیح تناظر میں اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنی کوششوں میں تیزی لائیں۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں