ناقص منصوبہ بندی کے باعث نالہ پروجیکٹ میرپورخاص کے عوام کیلئے وبال جان بن گیا ہے،حق پرست کونسلرز

جمعرات 29 نومبر 2018 19:13

میر پورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2018ء) حق پرست کونسلرز حبیب اللہ، انیس احمد، عدیل خضر اور شکیل احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث نالہ پروجیکٹ میرپورخاص کے عوام کے لئے وبال جان بن گیا ہے۔سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سندھ کے چوتھے بڑے شہر میرپورخاص کو نالہ پروجیکٹ کے نام پرتاراج کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے متعصب ایس ڈی او نعیم میمن حکمراں جماعت کے اشاروں پر حق پرست علاقوں بالخصوص مہاجر علاقوں کو پینے کے پانی سے محروم رکھنے کی سازش میں مصروف ہیں۔گنجان آباد مہاجر علاقوں میں واٹر سپلائی لائنیں نہیں بچھائی جارہیں جبکہ ایوب نگر،آدم ٹائون،میر کا پلاٹ اور ہیرآباد میں نالہ پروجیکٹ کے ساتھ ہی واٹر سپلائی لائن بچھائی جارہی ہے جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ڈی او نعیم میمن قہر خداوندی سے ڈریں۔انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار، چیئرمین واٹر کمیشن جسٹس(ر) امیر ہانی مسلم اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایس ڈی او نعیم میمن کے متعصبانہ اقدامات کا فی الفور نوٹس لیا جائے اور عوامی فلاحی منصوبوں کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے والے کرپٹ افسراور ان کے سیاسی آقائوں کے خلاف سخت ترین محکمانہ و قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں