کمشنر میرپور ڈویژن کی زیرصدارت اجلاس ،زلزلہ متاثرہ علاقوں میں متاثرہ مکانات کی مرمت ،تعمیر نو،وغیرہ پر لگائی جانے والی پابندی مشروط شرائط پر اٹھا لی گئی

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 17:52

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) کمشنر میرپور ڈویژن و ریلیف کمشنر چوہدری محمد طیب کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں متاثرہ مکانات کی مرمت ،تعمیر نو،وغیرہ پر لگائی جانے والی پابندی مشروط شرائط پر اٹھا لی گئی ہے اس سلسلہ میں شہری حدود میں بلدیہ ،ایم ڈی اے ،ایم ڈی ایچ اے ،او پی ایف کے زیر اہتمام ہاوسنگ سکیم ہا اپنی اپنی اتھارٹی سے جبکہ دیہی زلزلہ متاثرہ علاقوں کے مالکان یا نمائندگان ادارہ ترقیات سے مرمتی/ تعمیر نو کے نقشہ جات پاس کروانے ہونگے نقشہ پاس کروانے کی کوئی فیس نہیںہوگی اور زلزلہ متاثرہ علاقوں کے افراد کو 3 ایام کے اندر اندر نقشہ پاس کروا کر دیا جائے گا۔

اس سلسلہ میں متاثرہ افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ انسانی جانوں کے وسیع تر ا لمفاد اور تحفظ کی خاطر زلزلہ متاثرہ بلڈنگز کی مرمتی اور تعمیر نو کے لئے سڑکچرل انجینئر سے اپنی عمارات کے متعلق رائے لے لیں کہ مرمت کے لیے یہ عمارت رہائش کے قابل ہے یا کہ نہیں۔

(جاری ہے)

نئی تعمیر ہونیوالی عمارات کو بلڈنگ کوڈ ز سے ہم آہنگ کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زلزلہ متاثرہ علاقوں کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈی جی ایم ڈی ایچ اے احمد ایاز میر، اسیسمنٹ کے انچارج و ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار خالد،ریلیف کے انچارج و ڈائریکٹر ایم ڈی ایچ اے چوہدری امجد اقبال، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل چوہدری لالہ عبدالمالک، ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین، کلکٹر امور منگلا ڈیم چوہدری محمدایوب ، ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز نذیر حسین، ڈائریکٹر ایم ڈی اے مرزا کلیم جرال، چیف آفیسر بلدیہ چوہدری غلام یاسین ، اسسٹنٹ کمشنر یاسر ریاض، اسسٹنٹ کمشنر عثمان ممتاز بٹ،ایس ڈی او بلڈنگ عرفان غنی،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک،ڈی ای او بشارت کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں زلزلہ سے متاثرہ عمارات کی مرمت اور تعمیرات پر عائد پابندی کے خاتمہ کا ٖ فیصلہ کیا ۔اجلاس میں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں پبلک و پرائیویٹ املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے والی کمیٹیوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر نقصانات کا جائزہ لینے کا سروے مکمل ہو گیا ہے جن اداروں، پبلک و پرائیویٹ بلڈنگ کے نقصانات کا جائزہ بوجہ مکان بند ہونے یا مالک یا نمائندہ کے موجود نہ ہونے کے باعث سروے نہیں ہو سکا ایسے متاثرہ افراد کرائسز منیجمنٹ سیل کمشنر آفس سے فوری رابطہ کریں تاکہ زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کا سو فیصددرست اور صحیح اندازہ لگا کر اگلا مرحلہ شروع کیا جاسکے ۔

اجلاس میں،جانی و مالی نقصانات، پبلک پرائیویٹ سیکٹر کی عمارات، لائیو سٹاک، ویکلز،ذرائع مواصلات، زرعی زمین، تجارتی سامان،پلوں، سڑکات،سمیت دیگر نقصانات کے بارے میں مکمل تفصیل فراہم کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں