کوالٹی آف ایجوکیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، وائس چانسلر میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

جمعرات 2 جون 2022 20:57

میرپور (آزاد کشمیر ) 02 جون (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2022ء) وائس چانسلر میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید نے کہا ہے کہ مسٹ یونیورسٹی کو نہ صرف آزادکشمیر و پاکستان بلکہ دنیا کی بہترین یونیورسٹی بنائیں گے اور کوالٹی آف ایجوکیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

یونیورسٹی فیکلٹی ممبران کی دن رات کاوشوں سے ٹائمز ہائیر ایجوکیشن ایمپیکٹ رینکنگ 2022 میں مسٹ نے آزادکشمیر کی پانچوں یونیورسٹیوں میں پہلی، پاکستان کی 174ویں یونیورسٹیوں میں 53ویں اور دنیا بھر کی 25ہزار یونیورسٹیوں میں ایک ہزار ایک نمبرپر آئی ہے جس پر پوری یونیورسٹی کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسٹ کے زیر اہتمام بین الاقوامی رینکنگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر منعقدہ تقریب تقسیم ایوارڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر مسٹ یونیورسٹی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری تھے۔ تقریب سے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید،پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر کوٹلی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید النواز احمد گردیزی،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید،صدارتی سیکرٹری سید آصف شاہ،کمشنر چوہدری محمد رقیب خان،ڈی آئی جی خالد چوہان،ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال،سابق جج چوہدری مشتاق احمد،سابق لارڈ میئر برطانیہ چوہدری محمد الطاف، پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق، چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر قاضی محمد ابراہیم، فیکلٹی ممبران،ماہرین تعلیم،سول سوسائٹی سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

صدر آزادکشمیر نے بین الاقوامی درجہ بندی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید اور فیکلٹی ممبران کو مبارکباد دی اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید نے کہاکہ مسٹ یونیورسٹی کوالٹی آف ایجوکیشن کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اس سلسلہ میں صدر آزادکشمیر کی ہدایات کے مطابق طلبا و طالبات کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور یونیورسٹی کی بین الاقوامی سطح پر شناخت سامنے لانے کے لیے بھرپور انداز میں کام کیا جارہاہے۔

یونیورسٹی کی ترقی کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اس کی آنر شپ لینا ہوگی تب جاکر یہ یونیورسٹی دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شمار ہوسکتی ہے۔اس موقع پر صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے زوالوجی کی طالبہ سویرا سبحانی کو Halt Prize 2022 کے لیے منتخب ہونے پر ایوارڈ دیا۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں