مہمند،والدین پولیو کے خلاف پروپیگنڈے سے خوفزدہ نہ ہوں،مقررین

منگل 23 اپریل 2019 23:38

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) والدین پولیو کے خلاف پروپیگنڈے سے خوفزدہ نہ ہوں۔ پشاور اور مضافات سے اُٹھنے والے پولیو مخالف پروپیگنڈے کے پیچھے ملک کی بدنامی کی سازش ہے۔ ماہر ڈاکٹرز کی موجودگی میں مہلک اشیاء پلانا ممکن نہیں۔ اسلام میں بھی بیماری کا علاج لازمی ہے۔ پولیو قطروں میں کوئی حرام یا مضر صحت اجزاء نہیں۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قبائلی ضلع مہمند سیف الاسلام، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالرشید، اسسٹنٹ کمشنر ز اصغر علی، وسیم اختر، ضلعی خطیب مولانا شبیر احمد اور محکمہ صحت و پولیو حکام نے منگل کے روز ڈی سی آفس غلنئی میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بچوں کی پولیو قطروں سے بچوں کی بیماری کی افواہ سے ضلع مہمند میں بھی والدین میں تشویش پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

مگر یہاں پر ماہر ڈاکٹرز کی موجودگی میں ایسا ممکن نہیں کہ چھوٹے معصوم بچوں کو مضر صحت اشیاء پلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند میں انکاری والدین کی تعداد میں اچانک اضافے کے بعد والدین کو مطمئن کرنے کیلئے علمائے کرام سمیت تمام مکاتب فکر اور ٹیکنکل عملے پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جو والدین کے تمام تحفظات دور کریگی۔ انہوں نے والدین، قومی مشران، سیاسی رہنمائوں، علمائے کرام اور صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی بدنامی کیلئے کئے گئے پروپیگنڈے کو زائل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :

مہمند ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں