مہمند، دہشتگردوں کا حملہ ناکام ،4 دہشتگرد ہلاک

دہشتگردوں نے سول ایڈمن کالونی میں گھسنے کی کوشش کی، علاقے میں کلیرنس آپریشن جاری ہے، سیکورٹی فورسز دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 6 ستمبر 2024 11:54

مہمند، دہشتگردوں کا حملہ ناکام ،4 دہشتگرد ہلاک
مہمند(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06ستمبر 2024 ) ضلع مہمند میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گرد ہلاک کردئیے،دہشتگردوں نے سول ایڈمن کالونی میں گھسنے کی کوشش کی، علاقے میں کلیرنس آپریشن جاری ہے،تفصیلات کے مطابق مہمند کے علاقے میں دہشتگردوں نے سول ایڈمن کالونی میں گھسنے کی کوشش کی جس دوران اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیاگیا۔

سیکورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے باعث چاروں دہشتگردوں کو ہلاک کیاگیا۔علاقے میں مزید دہشتگردوں کی تلاش کیلئے آپریشن کلیرنس جاری ہے ۔ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں کارروائی کی اور اس دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکار شہید جبکہ 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 9 اگست کو ضلع خیبر کی وادی تیرہ میں تین مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواتھا۔بیان میں کہا گیا تھاکہ سیکیورٹی فورسز کی مو¿ثر کارروائی کے نتیجے میں 4 خوارج ہلاک ہو گئے تھے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 بہادر سپوتوں نے جرات مندی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید اہلکاروں میں پنجاب کے ضلع میانوالی سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ حوالدار انعام گل، ضلع ٹانک سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی محمد عمران اور ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ سپاہی الطاف خان شامل تھے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 37 سالہ حوال دار انعام گل شہید نے پاک فوج میں 15 سال 6 ماہ تک دفاع وطن کیلئے خدمات سرانجام دیں اور انہوں نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے تھے۔

سپاہی محمد عمران شہید نے پاک فوج میں 9 سال تک دفاع وطن کے لیے خدمات سرانجام دیں اور شہید نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے، سپاہی محمد الطاف خان شہید نے 2 سال تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا اور سوگواران میں والدین اور ایک بہن چھوڑی تھی۔

مہمند ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں