مہمند ایجنسی میں افغان مہاجرین کے شناختی کارڈ بنانے کا انکشاف

بدھ 28 مارچ 2018 23:19

مہمند ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2018ء)مہمند ایجنسی میں افغان مہاجرین کا شناختی کارڈ بنانے کا دھندہ عروج پر ہے، نادرا کے ملوث حکام کے خلاف کاروائی نہ ہو سکی تفصیلات کے مطابق عبداللہ خان کوڈا خیل نے اپنے بیٹے وطن دوست کے ہمراہ مہمند پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہمند ایجنسی میں افغان مہاجرین کے شناختی کارڈ بنائے جا رہے ہیں ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں۔

اعلیٰ حکام کو بروقت ثبوت دینے کو تیار ہیں۔ ایجنسی کے جعلی شناختی کارڈ کے اجراء کے خلاف ہر فورم پر آواز اُٹھائیں گے ۔بااثر شخصیت حامد خان نامی افغان مہاجر نے مہمند ایجنسی کے نادرا دفتر سے مبینہ ملی بھگت سے پاکستانی شناختی کارڈ بنایا ہے۔ اس کے خلاف ہم نے اعلیٰ حکام تک ثبوت فراہم کئے ہیں۔

(جاری ہے)

تا ہم اس کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہ ہو سکی۔

بلکہ اثر و رسوخ اور پیسے کے بل بوتے پر شبقدر کے پولیس اُلٹا مجھے تنگ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میں اپنے بیٹے وطن دوست کے ہمراہ فیلڈر موٹر کار نمبر 4207 میں پشاور سے غلنئی آرہے تھے کہ شبقدر پولیس اہلکاروںنے ہمیں روک کر ہماری گاڑی کے کاغذات چیک کئے اور بعد میں ہمیں تھانہ لے گئے۔ تھانے میں تعینات پولیس نے میرے بیٹے وطن دوست کو حوالات میں بند کر کے اُن پر بلا کسی جرم کے تشدد کیا انہوں نے الزام لگا یا کہ بااثر افغان مہاجر حامد خان نے پولیس اہلکاروں کو 15 لاکھ روپے دیکر ہماری تذلیل کرائی تا کہ ہم اس کیخلاف دائر کردہ کیس واپس لے لیں۔

انہوں نے آئی جی ایف سی ، کور کمانڈر ، گورنر ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اور دیگر پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ شبقدر پولیس کے خلاف کاروائی کر کے اُن کا قبلہ درست کریں۔ اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

مہمند ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں