مہمند ایجنسی ،پی پی پی کے زیر اہتمام پاک فوج کی حمایت میں ریلی

پورے فاٹا میں پاک فوج ، سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ کی بدولت امن قائم ہو چکا ہے،شرکاء

پیر 2 اپریل 2018 21:51

مہمند ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2018ء) مہمند ایجنسی، پی پی پی کے زیر اہتمام پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی تحصیل غلنئی بازار میں پاکستان پیپلز پارٹی مہمند ایجنسی کے زیر اہتمام پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پی پی پی کے رہنماء ملک عادل خان نے کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے پی پی پی کے جنرل سیکرٹری فضل ہادی، اشرف علی، فردوس خان، پروفیسر محمد سیار، ملک زیارت گل و دیگر نے کہا مہمند ایجنسی سمیت پورے فاٹا میں پاک فوج ، سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ کی بدولت امن قائم ہو چکا ہے۔

پشتون تحفظ مومنٹ کا ایجنڈا پاکستان اور اسلام کے خلاف ہے۔ ہم پاکستانی ہیںاور ملک کی بقاء ہم پر لازمی ہے۔

(جاری ہے)

ہم پاک فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیںاور ہر قسم کی حالات میں پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون کے نام پر پاکستان مخالف تحریک ہمیں بالکل نا منظور ہے۔ پشتون تحفظ مومنٹ ملک دشمن قوتوں کے اشاروں پر کام کر رہا ہے۔اور ملک کی امن کو دوبارہ خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہاں ہندوستان کے جاسوسوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔ ریلی کے آخر میں شرکاء نے اعلیٰ حکام سے مہمند ایجنسی میں نیٹ ورک کی بحالی اور پاک افغان تجارتی شاہراہ گورسل کو کھولنے کا مطالبہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :

مہمند ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں