مہمند میں لمپی سکن سے 128گائیں متاثر ہوئیں، 125 کا علاج کردیا گیا ہے، ڈاکٹر عبدالرزاق صافی

ضلع کے داخلی راستے یکہ غنڈ اور مامد گٹ پر لائیوسٹاک کی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہے جہاں پر سپرے کیا جارہا ہے،ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک

جمعہ 24 جون 2022 20:32

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2022ء) ضلع مہمند کے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لایوسٹاک ڈاکٹر عبدالرازق صافی نے کہا ہے کہ سندھ اور پنجاب سے مویشیوں کے لمپی سکن بیماری سیضلع مہمند میں بھی 128گائیں اس بیماری کا شکارہوئی ہیں اور اب تک 3گائے ہلاک ہوئی ہیں جبکہ 125کا علاج ہوگیا ہے ،اب بھی کئی متاثرہ مویشیوں کا علاج جاری ہے ،مزید نقصان سے بچنے کیلئے قریب آبادی اور گائوں میں مویشیوں کی ویکسینیشن کی جارہی ہے ،اس کے علاوہ مال مویشی میلہ لکڑویکہ غنڈ اور میچنی پرچاوی میں ڈاکٹروں کی ٹیم مویشیوں پر سپرے کررہی ہے تاکہ مختلف بیماریوں سے مویشی محفوظ ہوسکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مہمند لائیوسٹاک نے ایک ماہ سے مہمند کے داخلی اہم راستوں یکہ غنڈ اور مامدگٹ کے مقام پر لائیو سٹاک کی چیک پوسٹیں قائم ہیں جس میں مویشیوں پر سپرے کیا جاتاہے تاکہ کانگو وائرس اور مختلف بیماریاں مہمند میں داخل ہونے سے روکی جاسکیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مفتی عبدالرازق صافی نے کہا کہ لمپی سکن بیماری ایک وائرس ہے لیکن اس سے انسانوں کوئی خطرہ نہیں ہے اس سے متاثرہ مویشی کے گوشت کھانے سے بھی کوئی خطرہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع مہمند میں لمپی بیماری پر قابو پالیا گیا ہے اور ہمارے ڈاکٹر ہر تحصیل میں موجود ہیں جن کو ہر تحصیل کیلئے ویکسین فراہم کی گئی ہے اور جہاں بھی لمپی بیماری کی رپورٹ ملتی ہے وہاں پر لائیو سٹاک فوری ایکشن لیتا ہے ۔

مہمند ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں