کینولہ کی فصل سے بھرپورپیداوارحاصل کرنے کے لئے کیڑوںکے بروقت تدارک کویقینی بنایاجائے،ترجمان محکمہ زراعت

منگل 18 دسمبر 2018 22:13

ملتان ۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کاشتکار کینولہ کی فصل سے بھرپور پیداوار حاصل کرنے کیلئے ضرر رساں کیڑوں کے بروقت تدارک کو یقینی بنائیں۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سست تیلہ کا کینولہ، توریا، رایا اور تارا میرا پرحملہ شدید ہوتا ہے۔ سست تیلے کے بالغ اور بچے دونوں نقصان پہنچاتے ہیں۔

یہ کیڑے گچھوں کی شکل میں پودے کے شگوفوں، پھول، پتوں اور تنوں پر چمٹے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یہ کیڑا دسمبر تا مارچ فصل پر حملہ آور ہوتا ہے۔ یہ کیڑے بہت تیزی سے نشوونما پاتے ہیں اور 7سے 10 دن میں بالغ ہوجاتے ہیں۔ ابر آلود اور سردی کا موسم اس کی نشوونما کیلئے سود مند ہے۔ بالغ اور بچے پتوں، تنوں، شگوفوں اور پھولوں سے رس چوستے ہیں جس کی وجہ سے پتے چٴْڑ مڑ ہوکر پھول اور پھلیاں بنانے میں ناکام ہوجاتے ہیں نتیجتاً صحت مند بیج نہیں بنتا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اس کے جسم سے خارج کیے ہوئے لیسدار میٹھے رس کی وجہ سے پتوں پر سیاہ اٴْلی لگ جاتی ہے اور پودوں کی نشوونما پر منفی اثرات پڑتے ہیں جس سے پیداوار میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔ سست تیلے کے غیر کیمیائی تدارک کیلئے جڑی بوٹیاں تلف کریں اور مفید کیڑوں خاص کر کچھوا، بھونڈی، لیڈی برڈبیٹل یا کرائسوپرلا کی حوصلہ افزائی کریں جبکہ شدید حملہ کی صورت میں کیمیائی انسداد کیلئے محکمہ زرعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کے مقامی فیلڈ عملہ سے مشورہ کرکے زہروں کا سپرے کریں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں