محکمہ زراعت نے 40 کروڑ روپے کی جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری کھاد ضبط کرلی

بدھ 22 ستمبر 2021 18:35

ملتان۔22ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2021ء) :محکمہ زراعت کی طرف سے جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف صوبہ بھر میں کاروائیاں جاری ہیں اور گزشتہ تین برسوں ( 21-2018) کے دوران محکمہ زراعت نے 40 کروڑ کی جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری کھادوں کو ضبط کرکے اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف 2300 مقدمات کا اندارج کروایا۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے اور اس گھنائونے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جارہی ہے۔ حکومت پنجاب جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے اور اس کاروبار کی بیخ کنی کیلئے تمام ممکنہ کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں محکمہ زراعت ٹھوس شواہد کی بنا پر ملزمان کے خلاف ہر سطح پر اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور جعلی زرعی ادویات کے دھندے میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ عوام جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف شکایات بذریعہ ایس ایم ایس/ واٹس ایپ پر0300-9355592کر سکتے ہیں۔ ایسے تمام عناصر کے خلاف اطلاع موصول ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں