جنوبی پنجاب میں زرعی شعبہ کی ترقی پرساڑھے دس ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب

پیر 17 جنوری 2022 14:55

ملتان(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جنوری 2022ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب فوڈ باسکٹ کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ خطہ وطن عزیز کی فوڈ سیکیورٹی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے نئی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے جس کے تحت ہائی ویلیو ایڈڈ ایکسپورٹ پر مبنی زراعت کو ترقی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں زرعی شعبے کی ترقی کے لئے29 منصوبوں پر کام جاری ہے جن پر10 ارب 66 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئی زرعی حکمت عملی کی تیاری کے سلسلے میں منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے اس موقع پر نئی زرعی حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ فصلوں کی پیداواری صلا حیت کو بڑھایا جائے اور ہر فصل کے لئے بہترین استعداد رکھنے والے علاقے کے زون قائم کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے غیر کاشت شدہ رقبے کو زیر کاشت لایا جائے اور کوہ سلیمان اور چولستان میں نامیاتی فارمنگ کو فروغ دیا جائے۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کارپوریٹ فارمنگ کے منصوبے پر39کروڑ روپے،دس ایگری مارکیٹس میں انفرا سٹرکچر کی فراہمی پر19 کروڑ97 لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔تحصیل کوہ سلیمان اور ڈی جی خان میں زراعت کی ترقی کے منصوبے پر18 کروڑ58 لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ جنوبی پنجاب میں افقی لینڈ ڈویلپمنٹ کا پراجیکٹ 2 ارب روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ راجن پور میں کاٹن ریسرچ سنٹر کے سب اسٹیشن کے قیام کے منصوبے پر21 کروڑ60 لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں