جاپانی شاہی میڈل حاصل کرنے والے دانشور، ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد امین کے اعزاز میں تقریب

جمعہ 14 دسمبر 2018 16:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) جاپان نے اپنا سب سے بڑا قومی اعزاز ملتان کے نامور دانشور اور ماہرتعلیم ڈاکٹر محمد امین کو دے کر ان کی خدمات کا اعتراف کیا ہے اور ہمیں امید رکھنی چاہیے کہ پاکستانی ادارے بھی اب انہیں قومی اعزاز سے نوازیں گے۔ ان خیالات کااظہار ملتان کے نامور ادیبوں،شاعروں نے ملتان ٹی ہائوس کے زیر اہتمام ڈاکٹر محمدامین کے اعزاز میں تقریب اعتراف خدمات میں اظہارخیال کے دوران کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر انور جمال تھے۔ اس موقع پر ملتان ٹی ہائوس کے جنرل سیکرٹری خالد مسعود خان، ڈاکٹر مختارظفر، پروفیسر شوکت مغل، میمونہ امین، شاکر حسین شاکر،رضی الدین رضی، وسیم ممتاز، ڈاکٹر مقبول گیلانی، ڈاکٹرسجاد نعیم،ڈاکٹر فرتاش سیداور اظہر سلیم مجوکہ نے بھی اظہارخیال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملتان ٹی ہائوس کی جانب سے ڈاکٹر محمد امین کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

پروفیسر انور جمال نے کہاکہ ڈاکٹر محمد امین کا یہ اعزاز پورے ملتان کا اعزاز ہے۔خالد مسعود خان نے کہاکہ امین صاحب کو جاپانی شاعری میڈل ملنا ایک غیر معمولی اعزاز ہے جس پرہمیں فخر ہے۔انہوں نے ہائیکو کے ذریعے پوری دنیا میں ملتان کو متعارف کروایا ۔ ڈاکٹر مختارظفر نے کہاکہ ان کے کام میں تنوع ہے ۔انہوں نے اردو اور جاپانی ادب کے حوالے سے بھی کام کیا لیکن سرائیکی ،پنجابی اور دیگر زبانوں میں بھی ان کی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

پروفیسر شوکت مغل نے کہا کہ وہ عالم بھی ہیں ۔ ان کی صاحبزادی میمونہ امین نے کہاکہ ایک والد کی حیثیت سے انہوں نے ہمیں جو محبت دی اس کا اظہار لفظوں میں ممکن نہیں، مجھے فخر ہے کہ میں ان کی بیٹی ہوں۔ شاکر حسین شاکر اور رضی الدین رضی نے کہاکہ وہ ملتان کے پہلے قلم کار ہیں جنہیں کسی غیرملکی اعزاز سے نوازاگیا۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد امین کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور پھول اور تحائف پیش کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں