پیس اینڈ جسٹس نیٹ ورک کے زیر اہتمام بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی میں پنجاب یوتھ پیس کانفرنس

درسگاہوں کا مقصد تعلیم کے ساتھ امن و انصاف کی فضا قائم کرنا ہے وائس چانسلربہائو الدین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود

بدھ 19 جون 2019 16:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) پیس اینڈ جسٹس نیٹ ورک کے زیر اہتمام بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی میں پنجاب یوتھ پیس کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود، وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر عصمت ناز، پیس ایندجسٹس نیٹ ورک کے سی ای او علی نقوی،ڈاکٹر انوار احمد اور ڈاکٹر خالد سعیدسمیت دیگر نے شرکت کی۔

کانفرنس کا مقصد نوجوان نسل میں ملک میں امن وامان قائم رکھنے کے حوالے سے اپناکردار ادا کرنے اور پالیسی سازی میں شامل کرنا تھا تاکہ وہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کا مقابلہ کرسکیں۔ کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حکومت کو یوتھ پیس پالیسی پر بھی کام کرنا چاہیے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیس اینڈ جسٹس نیٹ ورک علی نقوی نے بتایا کہ 2018ء کی رپورٹ کے مطابق ہماری آبادی کا 64 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمرکے افراد پر مشتمل ہے اور اگر ان پرصحیح توجہ نہ دی گئی تو یہ افراد انتشار کا شکار ہو سکتے ہیں، وقت کی ضرورت ہے کہ پنجاب حکومت یوتھ پیس پالیسی بنائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ حال ہی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے این اے سی ٹی اے کے ساتھ مل کر نوجوانوں میں تشدد اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے حوالے سے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے مستقبل میں بہترنتائج ملیں گے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس چانسلر بی یونیورسٹی ڈاکٹر طارق محمود انصاری نے کہا کہ درسگاہوں کا اصل مقصد تعلیم کے ساتھ ساتھ امن و انصاف کی فضا قائم کرنا ہے اور اس کانفرنس کا انعقاد بھی اسی سلسلے کا ایک اہم قدم ہے، ہمیں نوجوان نسل کے لئے امن پالیسی کی اشد ضرورت ہے۔

ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر ڈاکٹرعصمت نازنے کہا کہ اعتدال اور امن کے بغیر انصاف کی فضا قائم کرنا مشکل ہے، یوتھ ہمارا روشن مستقبل ہیں ان پر توجہ دینا ہوگی۔ ڈاکٹر انوار احمد نے کہا کہ نوجوان نسل کی رائے کو اہمیت دینا ضروری ہے۔ ڈاکٹر خالد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یوتھ بہت قابل ہے ان کو سیدھا راستہ دکھانا اساتذہ کی ذمّہ داری ہے، معاشرے میں ڈائیلاگ کی ضروت ہے۔ کانفرنس سے نوراللہء،اظہر سلیم، سلطان محمود، جام جمشید، رفیع اللہ، اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیرز طاہر محمود نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر عمر فاروق، پروفیسر سید نثار شاہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں