زکریایونیورسٹی کے سکیورٹی ونگ میں پہلی بار خواتین سکیورٹی گارڈ کا دستہ شامل

جمعہ 22 اکتوبر 2021 14:46

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2021ء) بہاءالدین زکریایونیورسٹی ملتان کے سکیورٹی ونگ میں پہلی بار خواتین سکیورٹی گارڈ کا دستہ شامل ہوگیا ہے۔ سکیورٹی ونگ میں شامل خواتین کے چاق و چوبند دستہ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی کو سلامی اور گارڈ آف آنرپیش کیا۔اس موقع پر یونیورسٹی آر او طاہر محمود ، چیف سیکورٹی آفیسر ملک خلیل احمد کھورو دیگر سیکورٹی سٹاف بھی موجود تھا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے یونیورسٹی سکیورٹی اسکارڈ میں خواتین دستہ کی شمولیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جدید دور کا یہ تقاضا تھا کہ میل سیکورٹی گارڈ کے ساتھ ساتھ فی میل سیکورٹی گارڈز بھی ہونی چاہیے تاکہ یونیورسٹی میں خواتین ہاسٹلز میں ان نئی خواتین سیکورٹی گارڈز کو باآسانی تعینات کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں توقع کرتا ہوں کہ خواتین سکیورٹی گارڈز ایمانداری اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گی اور زکریایونیورسٹی سکیورٹی ونگ کو مزید مضبوط کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں گی۔

انہو ں نے مزید کہاکہ ایک عرصہ سے خواتین سکیورٹی گارڈز کی یونیورسٹی میں ضرورت تھی اور اب اس ضرورت کو پورا کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ زکریایونیورسٹی سکیورٹی ونگ خواتین سکیورٹی گارڈز کی شمولیت سے قبل دو سو سے زائد سٹاف پر مشتمل تھا اور اب اس ونگ میں پندرہ خواتین سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں