میرا مقابلہ ایفی ڈرین کیس اور قبضہ گروپ سے ہے ،مخدومزادہ زین حسین قریشی

حنیف عباسی کو سزا ہوئی، ملتان کے عوام موسیٰ گیلانی کیس کے جلد فیصلے کے منتظر ہیں نواز شریف کی سزا کے بعد پاکستان میں یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ طاقتور سے طاقتور شخص بھی قانون سے مبرا نہیں،کارنرمیٹنگ سے خطاب،وفو د سے گفتگو

اتوار 22 جولائی 2018 21:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر این اے 157 کے امیدوار مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ میرا مقابلہ ایفی ڈرین کیس اور قبضہ گروپ سے ہے ۔ حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں سزا ہوئی۔ ملتان کے عوام موسیٰ گیلانی کیس کے جلد فیصلے کے منتظر ہیں۔ نواز شریف کی سزا کے بعد پاکستان میں یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ طاقتور سے طاقتور شخص بھی قانون سے مبرا نہیں۔

ہر وہ شخص جو قانون کی خلاف ورزی کرے گا۔ اسے سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہی پاکستان کی تبدیلی کی ابتداء ہے۔ جس کا وعدہ تحریک انصاف نے عوام سے کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157کی مختلف یونین کونسلوں ڈیرہ محمدی ۔ موضع بھینی۔ موضع بھکل بھیڑ۔

(جاری ہے)

پی پی 218 کی کوٹ رب نواز اور یونین کونسل ڈمرا میں مختلف مقامات پر الیکشن آفس کا افتتاح ۔

کارنر میٹنگ سے خطاب اور شہریوں کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم زین قریشی نے کہا حالیہ انتخابات میں میرا پہلا الیکشن ہے ۔ میرے والد گزشتہ 37 سال سے اس حلقے کی خدمت کررہے ہیں۔ خانوادہ غوث سے تعلق ہے ۔ ہمارا دامن صاف ہے ۔ کوئی شخص ہمارے اوپر اُنگلی نہیں اٹھا سکتا۔ میرے والد نے ہمیشہ تھانہ کچہری کی سیاست کی نفی کی اور سیاست میں ایک منفرد کلچر کو متعارف کروایا۔

ہمیشہ صاف ستھری اور مثبت سیاست کی۔ اور مجھے بھی ایسے سیاسی تربیت و نصیحت کی۔ اور انشاء اللہ جب بھی موقع ملا اپنے والد کی طرح اپنا دامن صاف رکھوں گا۔ اور عوامی خدمت کو ترجیح دونگا۔ اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر اختر ملک و مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین اور پی ٹی آئی ورکرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں