ملتان میں نئے 132KVخودکار سورج میانی گرڈاسٹیشن کا افتتاح

جمعرات 16 اگست 2018 00:20

ملتان۔ 15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہیومن ریسورس کمیٹی کے چیئرمین خالد مسعود خان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے ملتان میں نئے 132KVخودکار سورج میانی گرڈاسٹیشن کا افتتاح کردیا ۔ ملکی تاریخ کا یہ دوسرا خودکار (Unmanned)گرڈاسٹیشن ہے جو ملتان شہر میں تعمیر کیاگیاہے اس سے قبل ملک کا پہلا خودکار 66KVبخشن خان گرڈاسٹیشن ہے جو گزشتہ سال تعمیر کیاگیاتھا اس سے بجلی کی فراہمی جاری ہے ۔

چیئرمین ایچ آر کمیٹی خالد مسعود خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔میپکو کے زیر انتظام علاقوں میں نئے گرڈاسٹیشنز بناکر صارفین کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ملتان شہر میں پہلے خودکارگرڈاسٹیشن کی تعمیر وتنصیب ایک کارنامہ ہے اس کے بعد ریجن کے دیگر علاقوں میں بھی خودکار گرڈاسٹیشنز بنائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں نئے گرڈاسٹیشن کی تعمیر ناگزیر تھی نئے سورج میانی گرڈاسٹیشن کی تعمیر سے فیڈرز کا لوڈ تقسیم ہوجائیگا اور صارفین کو ریلیف ملے گا ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ساڑھے 18کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 132KVخودکار سورج میانی گرڈاسٹیشن میں 20/26ایم وی اے کے دو نئے پاورٹرانسفارمرز نصب کئے گئے ہیں۔

132KVمیسکو اور 132KVانڈسٹریل اسٹیٹ گرڈاسٹیشنوں سے منسلک 11KVگارڈن ٹائون، خیرپوربھٹہ، کلاسک ولاز، سورج میانی، نواں شہر، ہائی کورٹ، گرے والا اور ایئرپورٹ فیڈرز کا لوڈ نئے سورج میانی گرڈاسٹیشن پر منتقل کیاگیاہے جس سے نہ صرف ان فیڈرز سے منسلک لاکھوں صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی فراہمی ممکن ہوگئی ہے بلکہ شہر کے دیگر گرڈاسٹیشنوں پر لوڈبھی کم ہوگیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ میپکو کے زیر انتظام جنوبی پنجاب کے 13اضلاع میں گرڈاسٹیشنوں میں نصب پاورٹرانسفارمرز کی استعدادکار میں اضافہ کیاجارہاہے اور اوورلوڈفیڈرز کی بائفرکیشن کی جارہی ہے ۔ صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنے کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے گرڈاسٹیشنوں اور فیڈرز کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ۔قبل ازیں چیئرمین ایچ آر کمیٹی خالد مسعودخان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے آن لائن سسٹم کے ذریعے بٹن دباکر بجلی کی فراہمی کا آغازکیا اور کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا ۔

گرڈاسٹیشن میں پودے لگائے اور گرڈاسٹیشن بنانے والے تمام شعبوں کے افسران اور ملازمین کو مبارکباددی ۔اس موقع پر چیف انجینئر ڈویلپمنٹ شاہد حمید چوہان، پراجیکٹ ڈائریکٹرجی ایس سی نوازندیم گجر، پراجیکٹ ڈائریکٹرکنسٹرکشن عمانوئیل سردار ، ایڈیشنل چیف انجینئر جی ایس خالد جاوید،ایکسین ٹی اینڈ جی عمران حسین بخاری، ایکسین ٹی اینڈ آئی یاسرفاروق، ایکسین کنسٹرکشن ڈویژن ملتان رانا سیف اللہ کلیم، ایکسین سول ڈویژن ملتان عبدالحمید میمن ، یونین رہنما رانا محمد انور اور افسران وملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں