میپکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف بلاامتیاز آپریشن شروع کیاجارہاہے ، محمد اکرم چوہدری

اتوار 14 اکتوبر 2018 18:40

ملتان۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) وفاقی حکومت کی بجلی چوری کی قومی مہم کے دوران میپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن شروع کیاجارہاہے ۔حکومت نے پاورسیکٹر کو درپیش بجلی چوری کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے یہ اقدام اٹھایاہے جس کے خاطرخواہ نتائج حاصل ہوں گے ۔بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے لئے میپکو ریجن کے زیر انتظام ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ٹاسک فورسز قائم کردی گئی ہیں جس میں ملتان الیکٹرک پاورکمپنی(میپکو) اور ضلعی انتظامیہ کے ارکان شامل ہیں ۔

ڈویژن کی سطح پر قائم کردہ ٹاسک فورس میں چیف انجینئر کی سطح کے افسر شامل ہیں جبکہ ضلع کی سطح پر قائم ٹاسک فورس میں سپریٹنڈنگ انجینئرز آپریشن کو شامل کیاگیاہے ۔ میپکو کی چیکنگ ٹیموں کو پولیس اور ضلعی انتظامیہ سپورٹ کرے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔

(جاری ہے)

یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد اکرم چوہدری نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں 9آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ بااثر اور بڑے بجلی چوروں کے خلاف ایکشن لیاجائیگا اور کسی بھی دبائو کو برداشت نہیں کیاجائیگا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تمام ایس ایز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سب ڈویژنوں کی چیکنگ کریں اور بجلی چوری والے اتارے گئے میٹرز کو فوری طورپر میٹرنگ اینڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے حوالے کریں تاکہ ان سے حاصل کردہ ڈیٹاکے مطابق بجلی چوروں کو جرمانے عائد کئے جائیں ۔

آپریشن ونگ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بجلی چوروں سے جرمانے وصول کریں اور اتارے گئے میٹرز 24گھنٹے کے اندر اندر ایم اینڈ ٹی بھجوائیں ۔اجلاس میں جنرل منیجر آپریشن شاہد اقبال چوہدری، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ شاہد حمید چوہان، چیف انجینئر او اینڈ ایم عبدالعزیز نیازی، چیف انجینئر کسٹمرسروسز خواجہ غلام یاسین، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سسٹم میاں ندیم احمد، ایکسین ایم اینڈ ٹی ملتان وقاص خاکوانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں