حضرت بہائو الدین زکریا ؒ کے عرس کے پیش نظر زائرین کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

اتوار 14 اکتوبر 2018 21:10

ملتان۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) کمشنر ملتان ڈویڑن ندیم ارشاد کیانی نے حضرت بہائو الدین زکریا ؒ کے عرس مبارک کے پیش نظر زائرین کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے کمشنر ملتان ندیم ارشاد کیانی نے کہا کہ ہر شہری کی پینے کے صاف پانی تک سہل رسائی کو ممکن بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

حضرت بہائو الدین زکریا ؒ کے عرس مبارک میں آنے والے زائرین کے لئے صاف پانی کی فراہمی کے لئے پلانٹ کا افتتاح کیا گیا ہے۔ اس پلانٹ سے 24گھنٹے صاف فلٹر شدہ پانی حاصل کیا جاسکتا ہے جس سے بیماریوں کی روک تھام میں بھی مدد حاصل ہوگی۔ کمشنر ملتان ندیم ارشاد کیانی نے مزید کہا کہ یہ پلانٹ مخیرحضرات کے تعاون سے چالو کیا گیا ہے اور اس کی دیکھ بھال کی حفاظت واسا کے سپرد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلد ہی ملتان شہر کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹ فنکشنل کردئیے جائیں گے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طارق بخاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمشنر ملتان کی ہدایت پر ملتان کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ٹی ڈی ایس چیک کروالیا گیا ہے۔ اس پلانٹ میں الٹرا فلٹریشن سسٹم نصب تھا جس کے مطابق اس میں پانی کا ٹی ڈی ایس 2740آرہا تھا اس کے تمام سسٹم کو تبدیل کر کے اس میںآر او سسٹم لگایا گیا اور اب اس کا ٹی ڈی ایس 550ہے جو کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے معیار کے عین مطابق ہے۔

یہ پلانٹ 900لیٹر فی گھنٹہ پانی فلٹر کرے گا جبکہ اس پلانٹ میں آٹو میٹک سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے اس پلانٹ سے 24گھنٹے پینے کا صاف پانی حاصل کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر ایم ڈی واسا مشتاق خان، ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر)عارف سعید لغاری، عبدالسلام اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں