اولیاء کرام نے امن ومحبت ،بھائی چارے اوربرداشت کادرس دیا، مخدوم شاہ محمودقریشی

پیر 15 اکتوبر 2018 22:38

اولیاء کرام نے امن ومحبت ،بھائی چارے اوربرداشت کادرس دیا، مخدوم شاہ محمودقریشی
ملتان۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) اولیاء اللہ کے آستانوں سے محبت ، بھائی چارے، امن اور برداشت کا درس ملتا ہے۔ اولیاء اللہ سے عقیدت رکھنے اور اِن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے والے خوش نصیب ہیں اور یہ خوش نصیبی اُسی کے حصے میں آتی ہے جس پر اللہ کی خاص نگاہ ِ کرم ہو۔ انہی پاکیزہ ہستیوں نے دنیا کے کونے کونے میں اسلام کی شمع روشن کی۔

اب انہی ہستیوں کی تعلیمات کو عام کرکے ہم معاشرے سے انتہاء پسندی اور عدم برداشت کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار سجادہ نشین درگاہ ِ عالیہ وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بہائو الدین زکریا ملتانی ؒ کی779ویں عرس کی تقریبات کے پہلے روز مزار ِ کے احاطے میں منعقدہ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

نقابت ِ محفل کے فرائض ڈاکٹرصدیق خان قادری نے ادا کئے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے حال میں ہی وزیر اعظم عمران خان کے وفد کے ساتھ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پرحاضری کا شرف حاصل ہواہے ۔ گوکہ مجھے اِس سے پہلے بھی کئی مرتبہ عمرہ کی سعادت حاصل ہوئی ہے تاہم موجودہ حاضری میں جس طرح ایک کے بعد ایک دروازہ کھلتا گیا تب مجھے یہ یقین ہوا کہ یہ سب بُلانے والے کی کرم نوازی کا ثمر ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ اپنی ساری زندگی اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کے مطابق بسر کرتے رہے ہیں لہٰذااِن کی تعلیمات بھی دین کے احکامات کے عین مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن حضرت بہائو الدین زکریا ؒ کے عرس میں شرکت کی سعادت حاصل کرنے والے بھی خوش نصیب ہیں کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے انہیں اِس سعادت سے نوازا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ِ اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ سعید الحسن شاہ نے کہا کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات کا فروغ آج کے دور کی بنیادی ضرورتوں میں سے ایک ہے۔ اولیاء اللہ کے آستانوں کو صحیح معنوں میں انسانوں کی فلاح کا ذریعہ بننا چاہئیے اور اِ س مقصد کیلئے درگاہوں کے سجادہ نشین حضرات کو تصوف کی روح کو سمجھنے کی غرض سے جامعة الازہر جیسے ادارے میں شارٹ ٹرم کورسز میں بجھوانے کی تجویز بھی زیر ِ غور ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت زکوةکے نظام کو بھی بہتر بنا رہی ہے ۔ یہ نہیں ہونا چاہئیے کہ زکوة کی مًد میں اکٹھی ہونے والی رقم کا 95 فیصد زکوة کی تقسیم کرنے والے محکمہ کے ملازمین کی تنخواہوں میں چلا جائے ۔ سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اولیاء اللہ کی سب سے بڑی کرامت شریعت ِ محمدی کی پیروی رہی ہے ۔ اُن صوفیوں نے ہمیشہ قرآن و سنت کو ہی اپنے پیش ِ نظر رکھا ۔

ڈاکٹر محمد حسین آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت بہائو الدین زکریا ؒ کے قائم کردہ مدرسہ بہائیہ نے لوگوں کو دین کے ساتھ معاشرت اور معیشت بھی سکھائی ۔سلسلہ سہروردیہ اور قادریہ کے باہمی ملاپ نے تصوف کی تعلیمات کو ایک نئی جُہت بخشی اور حضرت بہائو الدین زکریا کا اِن دونوں سلاسل کو ساتھ چلانے میں ایک بڑا اہم کردار ہے۔ مفتی غلام مصطفی رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہائو الدین زکریا ؒ کے آستانے پر دنیا بھر سے زائرین حاضری کیلئے آتے ہیںجو اِس بات کا ثبوت ہے کہ آپ کافیض کسی ایک علاقے یاخطے تک محدود نہیں۔

اقوام ِ متحدہ میں اُمت ِ مسلمہ کا مقدمہ نہایت احسن انداز سے پیش کرنے پر سجادہ نشین درگاہ ِ عالیہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔درگاہ کوٹ مٹھن سے عرس میں شریک ہونے والے وفد کے قائد راول معین کوریجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے سے عدم برداشت کے کلچر کے خاتمے اور بیرونی دنیا میں انتہاء پسندی کی چھاپ سے بچنے کیلئے اولیاء اللہ کی تعلیمات کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔

علامہ فاروق خان سعیدی نے حضرت بہائو الدین زکریا کی تبلیغ و ترویج ِ اسلام کے سلسلے میں خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے کہا کہ بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان حضرت بہائو الدین زکریا ؒ کی تعلیمات کو عام کرنے میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کررہی ہے۔ قبل ازیں برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بہائو الدین زکریا ملتانی ؒ کی779ویں عرس کی تقریبات کا آغاز مزار ِ کو غسل دینے کی تقریب سے ہوا۔

سجادہ نشین درگاہ ِ عالیہ وزیر ِ خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے مزارِ کو عرقِ گلاب سے غسل دیا اور بعد میں مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پہلے دن کی تقریبات کے اختتام پر مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے ملکی سلامتی اور قومی ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔ عرس مبارک میں ملک بھرخصوصاًًسندھ سے عقیدت مندوں کی بڑی تعدادشریک ہے۔اس موقع پرقلعہ قاسم باغ پرسخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔عرس کے موقع پرایک ہزار پولیس اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹی بھی لگائی گئی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں